QR CodeQR Code

وکلاء کی عزت نفس اور تقدس کی بحالی کیلئے ہر ممکنہ کوشش کروں گا، بیرسٹر فروغ نسیم

26 Aug 2018 19:51

جسٹس ہیلپ لائن کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وکلاء کے مسائل حل کروانا ہماری اولین ترجیح ہے، بہت جلد اس سلسلے میں اہم اقدامات اٹھائے جائیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم سے جسٹس ہیلپ لائن کے صدر ندیم شیخ ایڈوکیٹ نے ملاقات کی۔ اس موقع پر سپریم کورٹ بار کے ممتاز وکیل عبدالجبار شیخ اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے وکلاء کو درپیش مسائل سے انہیں آگاہ کیا۔ انہوں نے وفاقی وزیر کو تیسری نیشنل جوڈیشل کانفرنس میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی دعوت دی اور انہیں کانفرنس کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ کانفرنس کا مقصد وکلاء کو تربیت دینا اور ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے۔ جوڈیشل کانفرنس سے ایڈوکیٹ جنرل، پراسیکویٹر جنرل، سرکاری اداروں کے وکلاء، اٹارنی جنرل سپریم کورٹ بار، ہائی کورٹ بار، کراچی بار کے عہدیداران اور ممتاز وکلاء بھی خطاب کرینگے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم نے جسٹس ہیلپ لائن کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ وہ بحیثیت وفاقی وزیر قانون و انصاف وکلاء کی عزت نفس اور تقدس کی بحالی کے لئے ہر ممکنہ کوشش کریں گے، وکلاء کے مسائل حل کروانا ہماری اولین ترجیح ہے، بہت جلد اس سلسلے میں اہم اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ وفاقی وزیر قانون و انصاف نے تیسری نیشنل جوڈیشل کانفرنس میں شرکت کی دعوت قبول کرتے ہوئے انہیں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔


خبر کا کوڈ: 746355

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/746355/وکلاء-کی-عزت-نفس-اور-تقدس-بحالی-کیلئے-ہر-ممکنہ-کوشش-کروں-گا-بیرسٹر-فروغ-نسیم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org