حکومت کی بہترین شکل یہ ہے کہ عوام بااختیار ہو اور اپنے فیصلے خود کرے، عمران خان
16 Sep 2018 00:22
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں بلدیاتی نظام کے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو اپنے فیصلے خود کرنے کی اجازت ہونی چاہیے جو ملک میں مقامی حکومتوں کے مضبوط نظام کو یقینی بنائے بغیر ممکن نہیں۔
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے مقامی حکومتوں کے نظام کو عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بنیادی عنصر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی پر یقین رکھتی ہے جو مقامی حکومتوں کے نظام کو مستحکم کرنےسے ہی ممکن ہے۔ ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں بلدیاتی نظام کے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مقامی نظام حکومت میں عوام کو بااختیار کرنا ہی بہترین طرز حکومت کہلاسکتی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ عوام کو اپنے فیصلے خود کرنے کی اجازت ہونی چاہیے جو ملک میں مقامی حکومتوں کے مضبوط نظام کو یقینی بنائے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا (کے پی) حکومت کے طرز پر مقامی نظام حکومت کو فعال کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ عوامی فلاح وبہبود کے لیے بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنایا جائے گا۔ یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے رواں ماہ کے آغاز میں ایک کمیٹی تشکیل دی تھی اور اس کمیٹی کو مقامی حکومتوں کے ڈھانچے کے حوالے سے تجاویز مرتب کرنے کی ہدایت کی تھی۔
خبر کا کوڈ: 750254