QR CodeQR Code

ہیلری کے دورہ پاکستان کا مقصد تناؤ میں کمی تھا، پاکستان نے امریکی حکام کے سامنے ڈرون حملوں کا معاملہ اٹھایا، دفتر خارجہ

28 May 2011 20:09

اسلام ٹائمز:تمہینہ جنجوعہ نے کہا ہے کہ چند ماہ سے پاک، امریکا تعلقات انتہائی تناوٴ کا شکار تھے۔ ہیلری کلنٹن کا دورے کا مقصد اختلافات دور کرنا تھا۔ترجمان ک اکہنا تھا کہ امریکی سیکریٹری خارجہ ہیلری کلنٹن کے دورہ پاکستان کے دوران فیصلہ کیا گیا ہے کہ مستقبل میں انتہائی مطلوب ٹارگٹ کے خلاف پاکستان اور امریکا مشترکہ کاروائی کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان خفیہ معلومات کے تبادلے پر اتفاق ہے


اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور امریکا ہائی ویلیو ٹارگٹ کے خلاف مشترکہ کاروائی کرنے پر متفق ہیں۔ اسٹریٹیجک مذاکرات کی تاریخ کا تعین ابھی نہیں کیا گیا۔ پاکستان کے ایٹمی اثاثوں کی حفاظت سے متعلق عالمی برادری کی تشویش بلاجواز ہے۔ اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز کانفرنس میں ترجمان دفتر خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ گزشتہ کچھ ماہ سے پاک امریکا تعلقات تناؤ کا شکار ہیں، ہیلری کلنٹن کے دورے کا مقصد باہمی اختلافات کو دور کرنا اور اتفاق رائے پیدا کرنا تھا۔ دونوں فریق اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ تعلقات میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔ ہیلری سے ملاقات کے دوران پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کا معاملہ واضح طور پر اٹھایا گیا ہے۔ پاکستان کی سلامتی اور خود مختاری کے خلاف کوئی اقدام برداشت نہیں کیا جائے گا۔
تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ میزائل حملے روکنے کے حوالے سے امریکا سے تفصیلی بات چیت ہوئی ہے، میزائل حملوں پر اختلافات موجود ہیں لیکن اس پر بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ تہمینہ جنجوعہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں امریکی ٹروپس کی تعداد ایک آپریشنل معاملہ ہے، اس حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتے، اہلکاروں کی تعداد میں کمی سے متعلق امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے بیان جاری کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں جاری امن اور مفاہمتی عمل میں افغان عوام اور قیادت کی شمولیت لازمی ہے۔ پاک بھارت سیکرٹری دفاع مذاکرات 30 اور 31 مئی کو نئی دہلی میں ہوں گے۔


خبر کا کوڈ: 75191

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/75191/ہیلری-کے-دورہ-پاکستان-کا-مقصد-تناؤ-میں-کمی-تھا-نے-امریکی-حکام-سامنے-ڈرون-حملوں-معاملہ-اٹھایا-دفتر-خارجہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org