QR CodeQR Code

حریت رہنماؤں کے حوصلوں کو توڑنے کیلئے بھارت انتہائی بزدلانہ حربوں پر اتر آیا ہے، آغا سید حسن

17 Oct 2018 20:19

انجمن شرعی شیعیان کے صدر نے علیگڑھ مسلم یونیورسٹی میں زیر عتاب کشمیری طلاب کیساتھ مکمل یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انکے قومی اور انسانی جذبے کو خراج تحسین پیش کیا۔


اسلام ٹائمز۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں زیر عتاب کشمیری طلاب کے خلاف یونیورسٹی حکام کی دشمنانہ مہم جوئی کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کہا کہ مذکورہ طلاب کو صرف ایک دینی رسم کی ادائیگی پر عتاب کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی مرنے والے فرد خواہ وہ کسی بھی مذہب یا فکر و ذہنیت کا حامل ہو کی آخری رسومات دیگر انسانوں کے لئے ایک فریضے کی حیثیت رکھتا ہے۔ آغا سید حسن نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں زیر عتاب کشمیری طلاب کے ساتھ مکمل یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے قومی اور انسانی جذبے کو خراج تحسین پیش کیا۔

جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے صدر نے کہا کہ حریت رہنماؤں کے حوصلوں کو توڑنے کیلئے بھارت انتہائی بزدلانہ حربوں پر اتر آیا ہے۔ انہوں نے جیلوں میں محبوس دیگر مزاحمتی قائدین اور کارکنوں کی حالت زار پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت بے پناہ مظالم اور جبر و تشدد کے بل پر کشمیریوں کی برحق آواز کو دبانے میں ناکامیوں کے بعد اوچھے ہتھکنڈوں کا سہارا لے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان ہتھکنڈوں کے تحت مزاحمتی اور حریت پسند دینی رہنماؤں کو نشانہ بنایا جارہا ہے تاکہ عوام کے مزاحمتی جذبات کی ترجمانی کرنے والوں کے حوصلوں کو توڑا جاسکے۔


خبر کا کوڈ: 756314

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/756314/حریت-رہنماو-ں-کے-حوصلوں-کو-توڑنے-کیلئے-بھارت-انتہائی-بزدلانہ-حربوں-پر-اتر-آیا-ہے-ا-غا-سید-حسن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org