QR CodeQR Code

این اے 35 بنوں سے کاغذات نامزدگی میں حقائق چھپانے پر وزیراعظم عمران خان سے جواب طلب

8 Nov 2018 14:20

پشاور ہائیکورٹ میں دائر درخواست کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے حلقہ این اے 35 کیلئے جو کاغذات نامزدگی جمع کرائے، ان میں غلط بیانی کی ہے اور کاغذات نامزدگی میں اپنی بیٹی ٹیریان وائٹ کا ذکر نہیں کیا، وہ صادق اور امین نہیں رہے، وہ آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہیں اترتے، حقائق چھپانے پر عدالت عمران خان کو نااہل قرار دے۔


اسلام ٹائمز۔ پشاور ہائیکورٹ نے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 35 بنوں سے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی میں حقائق چھپانے کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان کو نوٹس جاری کر دیا۔ پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس اکرام اللہ خان اور جسٹس اشتیاق ابراہیم پر مشتمل دو رکنی بنچ نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 35 سے پاکستان جسٹس ڈیمو کریٹک پارٹی کے امیدوار انعام اللہ خان کی درخواست پر کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے بنوں سے حلقہ این اے 35 کے لئے جو کاغذات نامزدگی جمع کرائے، ان میں غلط بیانی کی ہے اور کاغذات نامزدگی میں اپنی بیٹی ٹیریان وائٹ کا ذکر نہیں کیا، وہ صادق اور امین نہیں رہے، وہ آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہیں اترتے، حقائق چھپانے پر عدالت عمران خان کو نااہل قرار دے۔ عمران خان کی جانب سے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل رب نواز پیش ہوئے، ابتدائی دلائل کے بعد عدالت نے عمران خان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا، عدالت نے کیس کی سماعت 13 دسمبر تک ملتوی کر دی۔


خبر کا کوڈ: 760033

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/760033/این-اے-35-بنوں-سے-کاغذات-نامزدگی-میں-حقائق-چھپانے-پر-وزیراعظم-عمران-خان-جواب-طلب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org