QR CodeQR Code

رسول اللہ (ص) بھی بنی اسرائیل سے تھے، پاکستان بھی اسرائیل کو تسلیم کرلے، رکن قومی اسمبلی عاصمہ حدید

12 Nov 2018 18:33

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے پی ٹی آئی رکن اسمبلی نے کہا کہ جب ہم نماز پڑھتے ہیں تو اس میں ہم درود پڑھتے ہیں اور درود میں ہم آل ابراہیم (ع) پر بھی درود بھیجتے ہیں، جن میں یہودی بھی شامل ہیں، تو ہم نماز میں بھی انکو دعائیں دیتے ہیں، میں سمجھتی ہوں کہ رسول اللہ (ص) نے جو ہمیں سکھایا تھا، اسکی تشریح بہت غلط طریقے سے کرتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی عاصمہ حدید نے کہا ہے کہ پاکستان کو چاہیئے کہ وہ یہودیوں کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھاتے ہوئے اسرائیل کو تسلیم کرلے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ نے مسلمانوں کی آسانی کیلئے یہ فیصلہ کر دیا ہے کہ جو یہودی ہیں، ان کا قبلہ یروشلم یعنی مسجد اقصیٰ ہوگا اور مسلمانوں کا قبلہ کعبہ شریف جو عرب میں ہے کو قرار دیا، تو یہاں پر مسلمانوں اور یہودیوں کی لڑائی ختم ہو جانی چاہیئے۔ یہ باتیں انہوں نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہیں۔ عاصمہ حدید کا کہنا تھا کہ رسول اللہ (ص) اور حضرت علی (ع) نے بھی کہا تھا کہ اپنے دشمن کو دوست بنالو، سب سے بہترین مثال رسول اللہ (ص) کی ہے کہ جنہوں نے یہودیوں کے ساتھ مل کر کام کیا، میں یہ بھی کہتی ہوں کہ ہم اتنا یہودیوں کے نام پر ایک دوسرے کو برا بھلا کہتے ہیں، جب ہم نماز پڑھتے ہیں تو اس میں ہم درود پڑھتے ہیں اور درود میں ہم آل ابراہیم (ع) پر بھی درود بھیجتے ہیں، جن میں یہودی بھی شامل ہیں، تو ہم نماز میں بھی ان کو دعائیں دیتے ہیں، میں سمجھتی ہوں کہ رسول اللہ (ص) نے جو ہمیں سکھایا تھا، اس کی تشریح بہت غلط طریقے سے کرتے ہیں۔

عاصمہ حدید نے دعویٰ کیا کہ رسول اللہ (ص) بھی تو بنی اسرائیل سے تھے، تو اس پر ہم کوئی طریقہ سوچ لیں کہ مسلمان جو دنیا میں کٹ مر رہے ہیں، شام و عراق اور یمن میں ہمارا حشر ہو رہا ہے، تو اللہ کی راہ پر چلنے والے مولانا صاحبان کوئی راہ نکال لیں تو انسان امن میں آجائے گا۔ پی ٹی آئی رکن اسمبلی نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے دنیا میں امن و سلامتی لانے کیلئے پاکستان کو چنا ہے، اب ساری دنیا کی نگاہیں ہم پر ہیں، تو میں اپنے بہن بھائیوں سے کہنا چاہتی ہوں کہ اس پر سوچیں اور مسلمانوں کو کٹ مرنے سے بچائیں، جیسے رسول اللہ (ص) نے یہودیوں کے ساتھ بہت سارے معاہدے کئے تھے، آپ بھی اسرائیل کے حوالے سے اس طرح کا کوئی حل نکالیں، تاکہ ہماری جو مسلمان عورتیں اور بچے جو مارے جا رہے ہیں، ان کو بچایا جاسکے۔


خبر کا کوڈ: 760793

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/760793/رسول-اللہ-ص-بھی-بنی-اسرائیل-سے-تھے-پاکستان-کو-تسلیم-کرلے-رکن-قومی-اسمبلی-عاصمہ-حدید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org