کراچی والے اب گوبر گیس سے چلنے والی بسوں میں سفر کریں گے
3 Jan 2019 17:03
کراچی میں زیر تعمیر بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے (گرین لائن پراجیکٹ) میں 200 ایسی بسیں شامل ہوں گی جو بائیو گیس سے چلیں گی، 58 کروڑ ڈالر سے زائد کی لاگت سے بننے والے اس منصوبے میں اقوام متحدہ کا بین الاقوامی گرین کلائمیٹ فنڈ 4 کروڑ 90 لاکھ ڈالر فراہم کرے گا۔
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد اپنی بے تحاشہ گنجان آبادی اور بے ہنگم ٹریفک کی وجہ سے دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں شمار کیا جاتا ہے جس کے تدارک کے لئے شہر میں بائیو گیس سے چلنے والی بسیں متعارف کرائے جانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ کراچی والوں کے لئے ایل پی جی اور سی این جی پر چلنے والے ذرائع آمد و رفت پر سفر کرنا معمول کی بات ہے لیکن اب شہر میں بائیو گیس سے چلنے والی بسیں متعارف کرائی جا رہی ہیں۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق بائیو گیس دنیا میں توانائی کے حصول کا متبادل ایسا ذریعہ ہے جسے مویشیوں خصوصاً گائے اور بھینسوں کے گوبر سے حاصل کیا جاتا ہے، اسی وجہ سے اسے گوبر گیس بھی کہا جاتا ہے۔ کراچی میں زیر تعمیر بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے (گرین لائن پراجیکٹ) میں 200 ایسی بسیں شامل ہوں گی جو بائیو گیس سے چلیں گی، 58 کروڑ ڈالر سے زائد کی لاگت سے بننے والے اس منصوبے میں اقوام متحدہ کا بین الاقوامی گرین کلائمیٹ فنڈ 4 کروڑ 90 لاکھ ڈالر فراہم کرے گا۔
خبر کا کوڈ: 770028