QR CodeQR Code

پاکستان سے محبت کا تقاضا ہے کہ امریکہ اور طالبان سے یکساں نفرت کی جائے

جہاد افغانستان کے دوران امریکہ سے ڈالر لینے والے آج کس منہ سے گو امریکہ گو کا نعرہ لگا رہے ہیں،صاحبزادہ فضل کریم

7 Jun 2011 21:11

اسلام ٹائمز:چیئرمین سنی اتحاد کونسل پاکستان کا کہنا ہے کہ عمران خان اور منور حسن ”طالبان بچاﺅ“ تحریک چلا کر خودکش دھماکوں کے ہزاروں شہداء کے لواحقین کے زخموں پر نمک چھڑک رہے ہیں، دہشت گردوں کے حق میں بیان دینے والے ملک دشمنی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان سے محبت کا تقاضا ہے کہ امریکہ اور طالبان سے یکساں نفرت کی جائے، نائن الیون کے بعد امریکہ میں دہشت گردی کا ایک واقعہ بھی نہیں ہوا جبکہ پاکستان میں ہر روز دھماکے ہوتے ہیں اور اب تک 35 ہزار افراد موت کے گھاٹ اتر چکے ہیں


لاہور:اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم نے کہا ہے کہ دنیا کو زندہ رہنے کیلئے ایک محفوظ مقام بنانے کی جدوجہد میں پاکستان خود غیر محفوظ مقام بن گیا ہے۔ نائن الیون کے بعد امریکہ میں دہشت گردی کا ایک واقعہ بھی نہیں ہوا جبکہ پاکستان میں ہر روز دھماکے ہوتے ہیں اور اب تک 35 ہزار افراد موت کے گھاٹ اتر چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد کشمیر کے علماء و مشائخ کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں مولانا بشیر مصطفوی، مفتی وسیم رضا، مولانا محمد وارث رضوی، مولانا نواز بشیر جلالی، مولانا عاشق حسین، مولانا سجاد حسین، مولانا عبدالشکور اور مولانا قدیر حسین شامل تھے۔ ملاقات کے دوران تنظیم المدارس اہل سنت کے قائم مقام امیر پیر سید محمد محفوظ مشہدی بھی موجود تھے۔
صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور عوام پر حملے کرنے والے بھی ملک کی خودمختاری کو چیلنج کر رہے ہیں اس لیے دہشت گردوں کے حق میں بیان دینے والے ملک دشمنی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ عمران خان اور منور حسن ”طالبان بچاﺅ“ تحریک چلا کر خودکش دھماکوں کے ہزاروں شہداء کے لواحقین کے زخموں پر نمک چھڑک رہے ہیں۔
سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے کہا کہ امریکہ اور بھارت پاک فوج کو بدنام کرنے پر تلے ہوئے ہیں لیکن قوم دہشت گردوں کے خلاف لڑنے والی پاک فوج کی توہین اور بدنامی برداشت نہیں کرے گی کیونکہ پاک فوج کے حوصلے پست کرنا ملکی مفاد میں نہیں اور پاکستان کے دفاع کے لیے پوری قوم پاک فوج کے ساتھ ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ دہشت گردی جنرل ضیاءالحق کا تحفہ ہے۔ جہاد افغانستان کے دوران امریکہ سے ڈالر لینے والے آج کس منہ سے گو امریکہ گو کا نعرہ لگا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے محبت کا تقاضا ہے کہ امریکہ اور طالبان سے یکساں نفرت کی جائے۔


خبر کا کوڈ: 77411

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/77411/جہاد-افغانستان-کے-دوران-امریکہ-سے-ڈالر-لینے-والے-آج-کس-منہ-گو-کا-نعرہ-لگا-رہے-ہیں-صاحبزادہ-فضل-کریم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org