روس اور برطانیہ کے درمیان سرد مہری ختم، نئے سفارتی تعلقات کی ابتداء
17 Feb 2019 06:59
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق لندن کی وزارت خارجہ کے مطابق میونخ سیکیورٹی کانفرنس میں برطانیہ کے یورپی وزیر ایلین ڈینکن اور روس کے پہلے ڈپٹی وزیر خارجہ ولادی میر ٹیٹو نے سائیڈ لائن ملاقات کی۔
اسلام ٹائمز۔ جرمنی میں روس اور برطانیہ کے جونیئر وزرائے خارجہ کی ملاقات کو سرد مہری کے خاتمے اور نئے سفارتی تعلقات کی ابتداء کے تناظر میں خوش آئند سمجھا جارہا ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق لندن کی وزارت خارجہ کے مطابق میونخ سیکیورٹی کانفرنس میں برطانیہ کے یورپی وزیر ایلین ڈینکن اور روس کے پہلے ڈپٹی وزیر خارجہ ولادی میر ٹیٹو نے سائیڈ لائن ملاقات کی۔ خیال رہے کہ گزشتہ برس 4 مئی کو سابق روسی جاسوس سرگئی اسکرپال پر روس کے ہی تیار کردہ اعصاب شل کر دینے والے زہر نووی چوک سے حملہ کیا گیا تھا، جس کے بعد ماسکو اور لندن کے درمیان سفارتی تعلقات شدید متاثر ہوئے تھے۔ برطانیہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ برطانوی وزیر نے ملاقات میں زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان خلیج وسیع ہے اور روس کو ذمہ دارانہ عالمی پارٹنرز کی حیثیت سے رویہ اختیار کرنا چاہے۔ برطانوی وزیر نے اپنے ردعمل کا اظہار ٹوئٹر بھی کیا جہاں دونوں رہنماؤں کی مشترکہ فوٹو پر شائع کی گئی۔
خبر کا کوڈ: 778432