QR CodeQR Code

ایرانی وزیر خارجہ سرکاری دورے پر ترکی پہنچ گئے

18 Apr 2019 00:44

ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اپنے ترک ہم منصب چاووش اوغلو سے ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور گہرے دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ایران پر امریکی پابندیوں کے خلاف ترک حکومت کی کاوشوں کا شکریہ ادا کیا۔


اسلام ٹائمز - اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اہم امور پر مذاکرات کی غرض سے طے پانے والے ترکی کے اپنے سرکاری دورے کے دوران اپنے ترک ہم منصب چاووش اوغلو کے ساتھ تین مذاکراتی جلسوں میں الگ الگ گفتگو کی۔ ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے ترک ہم منصب کے ساتھ گفتگو کے دوران ایران پر عائد امریکی پابندیوں کی مخالفت پر مبنی ترک حکومت کے موقف پر شکریہ ادا کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور گہرے دوستانہ تعلقات کے فروغ پر زور دیا۔

دوسری طرف ترکی کے وزیر خارجہ چاووش اوغلو نے اسلامی جمہوریہ ایران میں بڑے پیمانے پر آنے والے سیلاب میں جانی و مالی نقصان پر گہرے غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ترکی نے ایرانی سیلاب زدگان کے لئے سب سے پہلے امداد ارسال کی اور اب بھی وہ مزید امداد بھیجنے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے ایران پر عائد امریکی پابندیوں کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں اور ایران میں اپنے بھائیوں کی حمایت کرتے رہیں گے۔ ترک وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان اچھے تعلقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم دونوں ممالک کے درمیان زیادہ سے زیادہ تجارت اور اقتصادی تعاون کے خواہاں ہیں جبکہ سکیورٹی، سرحدی مسائل اور دہشتگردی کے ساتھ مقابلے میں باہمی تعاون پر پہلے سے سنجیدہ اقدامات اٹھا چکے ہیں۔

واضح رہے کہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی اس ملاقات میں شام کے حالات، ایرانی وزیر خارجہ کی شامی اعلی حکومتی عہدیداروں کے ساتھ گفتگو اور اسی طرح یورپی ممالک کے ایران کے ساتھ تجارت کے نئے نظام انسٹکس (INSTEX) پر بھی خصوصی بات چیت ہوئی۔


 


خبر کا کوڈ: 789220

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/789220/ایرانی-وزیر-خارجہ-سرکاری-دورے-پر-ترکی-پہنچ-گئے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org