0
Thursday 18 Apr 2019 00:44

ایرانی وزیر خارجہ سرکاری دورے پر ترکی پہنچ گئے

ایرانی وزیر خارجہ سرکاری دورے پر ترکی پہنچ گئے
اسلام ٹائمز - اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اہم امور پر مذاکرات کی غرض سے طے پانے والے ترکی کے اپنے سرکاری دورے کے دوران اپنے ترک ہم منصب چاووش اوغلو کے ساتھ تین مذاکراتی جلسوں میں الگ الگ گفتگو کی۔ ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے ترک ہم منصب کے ساتھ گفتگو کے دوران ایران پر عائد امریکی پابندیوں کی مخالفت پر مبنی ترک حکومت کے موقف پر شکریہ ادا کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور گہرے دوستانہ تعلقات کے فروغ پر زور دیا۔

دوسری طرف ترکی کے وزیر خارجہ چاووش اوغلو نے اسلامی جمہوریہ ایران میں بڑے پیمانے پر آنے والے سیلاب میں جانی و مالی نقصان پر گہرے غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ترکی نے ایرانی سیلاب زدگان کے لئے سب سے پہلے امداد ارسال کی اور اب بھی وہ مزید امداد بھیجنے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے ایران پر عائد امریکی پابندیوں کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں اور ایران میں اپنے بھائیوں کی حمایت کرتے رہیں گے۔ ترک وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان اچھے تعلقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم دونوں ممالک کے درمیان زیادہ سے زیادہ تجارت اور اقتصادی تعاون کے خواہاں ہیں جبکہ سکیورٹی، سرحدی مسائل اور دہشتگردی کے ساتھ مقابلے میں باہمی تعاون پر پہلے سے سنجیدہ اقدامات اٹھا چکے ہیں۔

واضح رہے کہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی اس ملاقات میں شام کے حالات، ایرانی وزیر خارجہ کی شامی اعلی حکومتی عہدیداروں کے ساتھ گفتگو اور اسی طرح یورپی ممالک کے ایران کے ساتھ تجارت کے نئے نظام انسٹکس (INSTEX) پر بھی خصوصی بات چیت ہوئی۔


 
خبر کا کوڈ : 789220
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش