سعودی علماء 35 ممالک میں اسلام کی اعتدال پسند تعلیمات سے رُوشناس کروائیں گے
25 Apr 2019 15:26
ترجمان کے مطابق رمضان کے دوران دُنیا بھر میں مساجد نمازیوں سے کھچا کھچ بھری ہوتی ہیں، سو اس سنہرے موقع سے فائدہ اُٹھانے کی غرض سے سعودی مملکت کی جانب سے ائمہ کرام کو اُمتِ مسلمہ کی رہنمائی اور اُن کے ایمان کو مضبوط بنانے کی غرض سے روانہ کیا جاتا ہے۔
اسلام ٹائمز۔ سعودی وزارت برائے اسلامی امور کے جانب سے 70 ائمہ کرام کو دُنیا کے مختلف ممالک میں بھجوانے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ یہ امام رمضان المبارک کے دوران دُنیا کے 35 ممالک میں جا کر تراویح اور تہجد پڑھائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ اسلام کی اعتدال پسند تعلیمات کو بھی اُجاگر کریں گے۔ اسلامی وزارت کی جانب سے رمضان المبارک کے دوران ہر سال درجنوں ائمہ کرام کو مختلف ممالک میں دینی خدمت کی غرض سے بھیجا جاتا ہے۔ یہ ائمہ کرام سعودی عقیدے کے مطابق شعائرِ اسلام سے آگاہ کرنے کے علاوہ انتہا پسندی سے دُور رہنے کا پرچار بھی کریں گے۔ وزارت کے ترجمان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ان ائمہ کرام کا انتخاب مملکت بھر میں واقع مختلف شریعہ کالجز سے کیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ: 790659