ایف بی آر افسران سے گرفتاریوں کے صوابدیدی اختیارات ختم کرنا چاہتا ہوں، چیئرمین ایف بی آر
18 May 2019 18:16
کراچی چیمبر میں خطاب کرتے ہوئے شبر زیدی کا کہنا تھا کہ تاجر برادری ماہ رمضان کے احترام میں اسمگل شدہ اشیاء کی فروخت ازخود بند کریں، افغان ٹرانزٹ کے علاوہ بھی پاکستان میں اسمگلنگ کی جارہی ہے، بندرگاہوں پر انسداد اسمگلنگ پر کام جاری ہے، اگر چیمبر احتجاج نہ کرنے کا وعدہ کرے تو اسمگلڈ اشیاء کے خلاف چھاپوں کے احکامات جاری کرتا ہوں۔
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کا کہنا ہے کہ ایمنسٹی اسکیم میں کسی قسم کا ابہام نہیں ہے اور اس کے لئے فنانس بل میں بھی کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ کراچی چیمبر میں خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کا کہنا تھا کہ شعبہ جاتی آڈٹس سے ایف بی آر کو کوئی اضافی ریونیو حاصل نہیں ہوتا، آڈٹس سے صرف خوف کا ماحول پھیلتا ہے، غلطیاں ہمارے لوگوں کی بھی ہیں، ہماری انڈسٹری کو فراڈ کے لئے استعمال کیا گیا۔ چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ میں نے چھاپے مارنے سے روک دیا، اب تاجر گرفتاری سے کیوں خوفزدہ ہیں، ایف بی آر افسران سے گرفتاریوں کے صوابدیدی اختیارات مکمل طور پر ختم کرنا چاہتا ہوں جب کہ ایمنسٹی اسکیم میں کسی قسم کا ابہام نہیں ہے، ایمنسٹی اسکیم کے لئے فنانس بل میں بھی کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔
خبر کا کوڈ: 795018