مریم اور بلاول بھٹو ملاقات، حکومت کیخلاف جدوجہد پر اتفاق اور میثاق جمہوریت کو آگے بڑھانے کا فیصلہ
16 Jun 2019 17:26
جاتی امراء میں نون لیگ کی نائب صدر سے ملاقات میں پی پی کے چیئرمین نے کہا کہ پاکستان کے اتنے مسائل ہیں کہ سب نے مل کر اس کا حل نکالنا ہے، سب نے مل کر معاشی، انسانی و جمہوری حقوق کو تحفظ پہنچانا ہے، ہم سب نے مل کر پی ٹی آئی، آئی ایم ایف کے بجٹ کو روکنا ہے اور ملک کو معاشی خودکشی سے بچانا ہے۔
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کی دعوت پر ان سے ملاقات کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری رائے ونڈ میں جاتی امرا پہنچ گئے۔ پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے ساتھ پارٹی کے دیگر رہنما مصطفیٰ نواز کھوکھر، قمر زمان کائرہ، چوہدری منظور اور حسن مرتضیٰ بھی موجود ہیں۔ مریم نواز نے بلاول بھٹو اور ان کے وفد کا استقبال کیا، مسلم لیگ کے وفد میں رانا ثناءاللہ خان، مریم اورنگزیب، پرویز رشید، سردار ایاز صادق اور محمد زبیر شامل تھے۔ ملاقات میں اے پی سی میں دونوں جماعتوں کے ایک بیانیہ پر بھی غور متوقع ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے حکومت کے خلاف جدوجہد پر اتفاق اور میثاق جمہوریت کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ نائب صدر مسلم لیگ نون مریم نواز کی دعوت پر، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اپنے وفد کے ہمراہ جاتی امرا پہنچے جہاں مریم نواز نے ان کا استقبال کیا۔ ملاقات میں دونوں کیجانب سے چند قریبی رفقاء بھی شریک ہیں۔
خبر کا کوڈ: 799830