فرانس میں سعودی ولی عہد کی بہن کے خلاف ٹرائل کا آغاز
10 Jul 2019 11:00
کاریگر کا موقف ہے کہ ان کے ہاتھ باندھ کر شہزادی کے پاؤں کا بوسہ لینے کا حکم دیا گیا تھا، ملازم نے دعویٰ کیا کہ بعد ازاں انہیں مارا پیٹا گیا جو کئی گھنٹے تک جاری رہا، اس دوران ان کے اوزار بھی قبضے میں لے لیے گئے تھے۔
اسلام ٹائمز۔ فرانس کی عدالت نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی بہن کے خلاف پیرس میں ان کے اپارٹمنٹ کی تزئین و آرائش کرنے والے ملازم کی پٹائی کروانے پر ٹرائل کا آغاز کر دیا۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق محمد بن سلمان کی بہن حسہ بنت سلمان پر اپنے محافظ کو ملازم کی پٹائی کا حکم دینے کا الزام ہے، جسے انہوں نے ستمبر 2016ء میں اپنی رہائش گاہ میں تصویر لیتے دیکھا تھا۔ شہزادی ان الزامات کو مسترد کرتی ہیں اور سماعت کے دوران ان کے عدالت میں پیش نہ ہونے کا امکان ہے۔ حسہ بنت سلمان نے مذکورہ کاریگر پر مبینہ طور پر ایونیو فوش پر واقع ان کے اپارٹمنٹ، جو مغربی پیرس میں غیرملکی کروڑ پتی افراد کی پسندیدہ جگہ ہے، کی تصاویر فروخت کرنے کا شبہ ظاہر کیا ہے۔
خبر کا کوڈ: 804214