QR CodeQR Code

گورنمنٹ نے ہماری اخلاقی ذمہ داری کو کمزوری سمجھا اور مذاکرات کو سبوتاژ کیا، پی ایم اے پنجاب

4 Sep 2019 18:38

ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ایم اے پنجاب کے صدر کا کہنا تھا کہ ہماری تمام تر گزارشات کو جو کہ مریض اور تمام میڈیکل سٹاف کی بہتری کی عکاس تھیں، یکسر مسترد اور ڈکٹیٹر شپ کا مظاہرہ کیا، ہماری تمام تر کوششوں کے باوجود یکطرفہ فیصلہ دیا اور ہماری مذاکراتی کمیٹی سے دھوکہ کیا۔


اسلام ٹائمز۔ پنجاب میڈیکل ایسوسی ایشن کی میٹنگ سٹاف کلب نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت پی ایم اے پنجاب کے صدر مسعود السعید نے کی، اس میں تمام ڈویژنل صدور، تمام اضلاع کے صدور اور جنرل سیکرٹری صاحبان نے شرکت کی۔ میٹنگ میں تمام نمائندگان نے اپنے اپنے اضلاع کی نمائندگی کی اور واضح کیا کہ جو فیصلہ پی ایم اے پنجاب کرے گی، ہم اس پر من و عن عملدرآمد کریں گے اور اس میں تمام تر اختیارات پی ایم اے پنجاب کے آفس کو تفویض کر دیئے گئے۔ میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس میں جاری اعلامیہ میں یہ طے پایا کہ گورنمنٹ نے ہماری اخلاقی ذمہ داری کو کمزوری سمجھا اور مذاکرات کو سبوتاژ کیا، ہماری تمام تر گزارشات کو جو کہ مریض اور تمام میڈیکل سٹاف کی بہتری کی عکاس تھیں، یکسر مسترد کیا اور ڈکٹیٹر شپ کا مظاہرہ کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ ہماری تمام تر کوششوں کے باوجود یکطرفہ فیصلہ دیا گیا اور ہماری مذاکراتی کمیٹی سے دھوکہ کیا گیا، اب مکمل طور پر یک زبان یہ فیصلہ کیا گیا ہے، اس ایکٹ کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں، اس کے لئے تمام تر میڈیکل کی آرگنائزیشنز (ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس اور نرس) تنظیموں سے مشاورت کے بعد مکمل اور سخت احتجاج اختیار کیا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ گورنمنٹ سے کسی بھی قسم کا مشاورتی عمل نہیں کیا جائے گا، اس بل کو قومی اسمبلی، سینیٹ، صوبائی اسمبلی اور سپریم کورٹ آف پاکستان کے فلور سے رجوع کیا جائے گا اور اس کی قانونی اور دھونس دھمکی اور سول سرونٹ اختیارات کا صلب ہونا چیلنج کیا جائے گا۔ محرم کے بعد احتجاجی لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا، جس میں مرحلہ وار احتجاج، ریلیاں، دھرنے اور ہسپتال بند کر دیں گے۔


خبر کا کوڈ: 814481

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/814481/گورنمنٹ-نے-ہماری-اخلاقی-ذمہ-داری-کو-کمزوری-سمجھا-اور-مذاکرات-سبوتاژ-کیا-پی-ایم-اے-پنجاب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org