حملوں سے ثابت ہوتا ہے کہ طالبان افغانستان کے اداروں اور عوام کو اہمیت نہیں دیتے، امریکہ
18 Sep 2019 11:40
امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ خودکش دھماکے میں 20 سے زائد افراد ہلاک ہوئے، انہوں نے پروان میں بھی صدارتی امیدوار کی ریلی کے دوران دھماکے کی ذمہ داری قبول کی ہے جس میں 24 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔
اسلام ٹائمز۔ لاکھوں افغانوں کو موت کی نیند سلانے والے ملک امریکا نے طالبان کی جانب سے افغانستان کے اداروں، انفراسٹکچر اور عوام پر کیے جانے والے حملوں پر اظہار مذمت کیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز کابل اور افغان صدر اشرف غنی کی انتخابی ریلی کے قریب طالبان نے علیحدہ علیحدہ حملے کیے تھے جس میں 48 افراد ہلاک اور 80 زخمی ہوئے تھے۔ امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ طالبان نے آج ہی کابل میں خودکش دھماکے کی ذمہ داری قبول کی ہے جس میں 20 سے زائد افراد ہلاک ہوئے، انہوں نے پروان میں بھی صدارتی امیدوار کی ریلی کے دوران دھماکے کی ذمہ داری قبول کی ہے جس میں 24 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا کہنا تھا کہ طالبان ملک کے کئی علاقوں میں ہسپتالوں، اسکولوں، گھروں اور بجلی کے ترسیلی نظام پر حملے کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے افغانستان اندھیروں میں ڈوب گیا ہے اور اسے کئی دیگر چیلنجز کا سامنا ہے۔
خبر کا کوڈ: 816843