0
Wednesday 18 Sep 2019 11:40

حملوں سے ثابت ہوتا ہے کہ طالبان افغانستان کے اداروں اور عوام کو اہمیت نہیں دیتے، امریکہ

حملوں سے ثابت ہوتا ہے کہ طالبان افغانستان کے اداروں اور عوام کو اہمیت نہیں دیتے، امریکہ
اسلام ٹائمز۔ لاکھوں افغانوں کو موت کی نیند سلانے والے ملک امریکا نے طالبان کی جانب سے افغانستان کے اداروں، انفراسٹکچر اور عوام پر کیے جانے والے حملوں پر اظہار مذمت کیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز کابل اور افغان صدر اشرف غنی کی انتخابی ریلی کے قریب طالبان نے علیحدہ علیحدہ حملے کیے تھے جس میں 48 افراد ہلاک اور 80 زخمی ہوئے تھے۔ امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ طالبان نے آج ہی کابل میں خودکش دھماکے کی ذمہ داری قبول کی ہے جس میں 20 سے زائد افراد ہلاک ہوئے، انہوں نے پروان میں بھی صدارتی امیدوار کی ریلی کے دوران دھماکے کی ذمہ داری قبول کی ہے جس میں 24 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا کہنا تھا کہ طالبان ملک کے کئی علاقوں میں ہسپتالوں، اسکولوں، گھروں اور بجلی کے ترسیلی نظام پر حملے کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے افغانستان اندھیروں میں ڈوب گیا ہے اور اسے کئی دیگر چیلنجز کا سامنا ہے۔
 
ان کا کہنا تھا کہ ان حملوں سے ثابت ہوتا ہے کہ طالبان افغانستان کے اداروں اور عوام کو اہمیت نہیں دیتے ہیں، حقیقی مصالحتی عمل کے لیے طالبان کو اس کے لیے اپنے عزم کا اظہار کرنا ہوگا ناکہ تشدد کی فضا برپا کرکے ملک کا امن بگاڑنا ہوگا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز افغانستان میں پہلا دھماکا مرکزی صوبے پروان میں صدارتی انتخابات کے حوالے سے منعقدہ اشرف غنی کی ریلی کے دوران ہوا تھا، جس میں 26 افراد ہلاک اور 42 زخمی ہوگئے تھے۔ اس حملے کے ایک گھنٹے بعد ہی کابل کے وسط میں امریکی سفارتخانے کے قریب ایک اور دھماکا ہوا تھا، جس میں 22 افراد ہلاک اور 38 زخمی ہوگئے تھے۔ صدارتی مہم کے ترجمان حمید عزیز نے کہا تھا کہ اشرف غنی وہاں موجود تھے لیکن وہ محفوظ ہیں اور انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ طالبان کی جانب سے افغانوں کو پہلے ہی خبردار کیا گیا تھا کہ وہ ووٹ نہ دیں کیونکہ وہ پولنگ اسٹیشنز اور انتخابی مہمات کو نشانہ بنائیں گے۔ دوسری جانب افغان صدر کا کہنا تھا کہ طالبان اپنے جرائم جاری رکھے ہیں، انہوں نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ وہ افغانستان میں امن و استحکام میں دلچسپی نہیں رکھتے۔
خبر کا کوڈ : 816843
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش