QR CodeQR Code

نواز شریف اور شہباز شریف سے منسوب کردہ بیان من گھڑت ہے، مریم اورنگزیب

10 Oct 2019 21:47

اسلام آباد سے جاری کیے بیان میں لیگی رہنماء نے کہا ہے کہ قائد محمد نواز شریف کی رہنمائی میں پارٹی فیصلے کا اعلان صدر شہباز شریف کریں گے، پارٹی کو نقصان پہنچانے کی یہ سوچی سمجھی سازش ہے، جس کا پارٹی صدر شہباز شریف نے سخت نوٹس لیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے سی ای سی اجلاس اور کیپٹن صفدر کے بارے میں کمیٹی کی تشکیل کی میڈیا رپورٹس مسترد کردیں۔ اسلام آباد میں نون لیگ کی ترجمان کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ کوئی کمیٹی تشکیل دی گئی، نہ ہی واقعات کا سیاق و سباق درست اور سچائی پر مبنی ہے، پارٹی سی ای سی سے متعلق چلنے والی خبریں من گھڑت، بے بنیاد اور افواہ سازوں کی کارستانی ہے۔ مریم اونگزیب نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف سے منسوب کردہ من گھڑت خبریں کسی کی خواہش تو ہوسکتی ہے، حقیقت نہیں، پارٹی اجلاس کی تمام کارروائی کو مسخ کیا گیا اور شہباز شریف کی گفتگو کو غلط رنگ دیا گیا۔

ترجمان مسلم لیگ نون نے کہا کہ پارٹی اجلاسوں میں قائدین اور رہنماؤں کی رائے، نقطہ نظر اور خیالات امانت ہوتے ہیں، جن کا مقصد درست حقائق اور فیصلوں تک پہنچنا ہوتا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ پہلے بھی درخواست کی تھی کہ پارٹی موقف کی ذمہ داری ترجمان کو تفویض کی گئی ہے، قیاس آرائیوں کا مقصد شرانگیزی ہے، عوام اور پارٹی کارکنان افواہ سازوں سے ہوشیار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ بتاچکے ہیں کہ قائد محمد نواز شریف کی رہنمائی میں پارٹی فیصلے کا اعلان صدر شہباز شریف کریں گے، پارٹی کو نقصان پہنچانے کی یہ سوچی سمجھی سازش ہے، جس کا پارٹی صدر شہباز شریف نے سخت نوٹس لیا ہے۔ ترجمان نون لیگ نے کہا کہ سازشی عناصر مسلسل کوشش کررہے ہیں کہ پارٹی میں دراڑ ڈالی جائے، یہ سازش ہمیشہ کی طرح ناکام ونامراد رہے گی، ایسی افواہ طرازیاں سازشی ذہنیت کی عکاسی ہے۔


خبر کا کوڈ: 821321

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/821321/نواز-شریف-اور-شہباز-سے-منسوب-کردہ-بیان-گھڑت-ہے-مریم-اورنگزیب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org