0
Thursday 10 Oct 2019 21:47

نواز شریف اور شہباز شریف سے منسوب کردہ بیان من گھڑت ہے، مریم اورنگزیب

نواز شریف اور شہباز شریف سے منسوب کردہ بیان من گھڑت ہے، مریم اورنگزیب
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے سی ای سی اجلاس اور کیپٹن صفدر کے بارے میں کمیٹی کی تشکیل کی میڈیا رپورٹس مسترد کردیں۔ اسلام آباد میں نون لیگ کی ترجمان کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ کوئی کمیٹی تشکیل دی گئی، نہ ہی واقعات کا سیاق و سباق درست اور سچائی پر مبنی ہے، پارٹی سی ای سی سے متعلق چلنے والی خبریں من گھڑت، بے بنیاد اور افواہ سازوں کی کارستانی ہے۔ مریم اونگزیب نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف سے منسوب کردہ من گھڑت خبریں کسی کی خواہش تو ہوسکتی ہے، حقیقت نہیں، پارٹی اجلاس کی تمام کارروائی کو مسخ کیا گیا اور شہباز شریف کی گفتگو کو غلط رنگ دیا گیا۔

ترجمان مسلم لیگ نون نے کہا کہ پارٹی اجلاسوں میں قائدین اور رہنماؤں کی رائے، نقطہ نظر اور خیالات امانت ہوتے ہیں، جن کا مقصد درست حقائق اور فیصلوں تک پہنچنا ہوتا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ پہلے بھی درخواست کی تھی کہ پارٹی موقف کی ذمہ داری ترجمان کو تفویض کی گئی ہے، قیاس آرائیوں کا مقصد شرانگیزی ہے، عوام اور پارٹی کارکنان افواہ سازوں سے ہوشیار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ بتاچکے ہیں کہ قائد محمد نواز شریف کی رہنمائی میں پارٹی فیصلے کا اعلان صدر شہباز شریف کریں گے، پارٹی کو نقصان پہنچانے کی یہ سوچی سمجھی سازش ہے، جس کا پارٹی صدر شہباز شریف نے سخت نوٹس لیا ہے۔ ترجمان نون لیگ نے کہا کہ سازشی عناصر مسلسل کوشش کررہے ہیں کہ پارٹی میں دراڑ ڈالی جائے، یہ سازش ہمیشہ کی طرح ناکام ونامراد رہے گی، ایسی افواہ طرازیاں سازشی ذہنیت کی عکاسی ہے۔
خبر کا کوڈ : 821321
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش