سعودی عرب کی درخواست پر امریکہ 3 ہزار اضافی فوجی اور ساز و سامان بھیجے گا، پینٹاگان
12 Oct 2019 07:28
اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق امریکا کے سیکریٹری دفاع مارک ایسپر نے 2 پیٹریوٹ میزائل بیٹریز، ایک تھاڈ بیلسٹک میزائل انٹرسیپشن سسٹم، 2 فائٹر اسکواڈرنز اور ایک فضائی ونگ کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔
اسلام ٹائمز۔ امریکی محکمہ دفاع پینٹاگان نے سعودی عرب کے دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے اضافی 3 ہزار فوجیوں اور فوجی ساز و سامان سعودی عرب میں تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق پینٹاگون کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ امریکا کے سیکریٹری دفاع مارک ایسپر نے 2 پیٹریوٹ میزائل بیٹریز، ایک تھاڈ بیلسٹک میزائل انٹرسیپشن سسٹم، 2 فائٹر اسکواڈرنز اور ایک فضائی ونگ کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ سیکریٹری مارک ایسپر نے سعودی عرب کے دفاع کو مظبوط بنانے کے لیے اضافی فوج کی تعیناتی کے حوالے سے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو آگاہ کردیا ہے۔ کہا گیا کہ امریکا نے رواں ماہ سعودی عرب میں 3 ہزار اضافی فوج کی تعیناتی کی منظوری دی ہے۔ بعد ازاں انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ تعیناتیاں خطے میں موجود خطرات اور محمد بن سلمان سے ایرانی جارحیت کی کوششوں سے تحفظ کے حوالے سے بات چیت کو مد نظر رکھتے ہوئے کی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد نے اضافی تعاون کی درخواست کی تھی۔
خبر کا کوڈ: 821537