بھارت پاکستان میں داخلی انتشار کیلئے کچھ قوتوں کو آگے کرنا چاہتا ہے، شاہ محمود قریشی
21 Oct 2019 14:38
ایک بیان میں وزیر خارجہ نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ دہشت گردی کا نہیں بلکہ حق خودارادیت کا معاملہ ہے، پاکستان کے اندر بھی قوم یکجا ہوچکی ہے، بھارت کی خواہش ہے پاکستان اپنے داخلی مسائل میں الجھا رہے اور مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹ جائے۔
اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت کی سیز فائر کی خلاف ورزی کے پیچھے بدامنی ہے جب کہ مقبوضہ کشمیر پر ان کا بیانیہ پٹ گیا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت اپنی ساکھ اور کشمیریوں کی ہمدردی کھوچکا ہے، توجہ ہٹانے کیلئے کبھی وہ فالز فلیگ آپریشن کا بہانہ بناتا ہے کبھی وہ ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کو بلیک لسٹ میں دھکیلنے کی کوشش کرتا ہے لیکن بھارت کو ہر میدان میں شکست ہو رہی ہے اور وہ اپنی خفت مٹانے کیلئے ایسی حرکتیں کررہا ہے، لیکن پاکستان اپنا دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور ان شاء اللہ اپنا دفاع کرے گا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے ہر عالمی فورم پر بھارت کو بے نقاب کرنے کی کوشش کی ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سب سے اہم فورم ہے، اس میں 54 سال بعد کشمیر کا مسئلہ زیربحث آیا، وزیراعظم نے جنرل اسمبلی میں پاکستان، اسلام اور کشمیر کا مقدمہ پیش کیا جب کہ میں نے جنیوا میں انسانی حقوق کونسل میں بھارت کی خلاف ورزیوں کا پردہ چاک کیا اور 27 اکتوبر کو یوم سیاہ منانے کا فیصلہ کیا ہے اس سے بھارت پر مزید دباؤ بڑھے گا۔
خبر کا کوڈ: 823226