عدالت نے مریم کی نواز شریف سے ملاقات کی درخواست مسترد کر دی
23 Oct 2019 15:38
سماعت کے بعد کمرۂ عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا ہے کہ جج صاحب سے اجازت مانگی تھی کہ عدالت سے جیل واپس جاتے ہوئے مجھے ایک گھنٹے کے لیے والد کی عیادت کرنے دی جائے لیکن انہوں نے اجازت نہیں دی۔
اسلام ٹائمز۔ لاہور کی احتساب عدالت نے سابق وزیرِاعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کی اپنے والد سے ملاقات کی درخواست مسترد کر دی۔ چوہدری شوگر ملز کیس میں مریم نواز اور یوسف عباس کو نیب کی ٹیم نے احتساب عدالت میں پیش کیا، مریم نواز نے سماعت کے دوران نواز شریف سے ملاقات کی درخواست کی۔ مریم نواز نے عدالت سے استدعا کی کہ میں جیل واپسی پر اپنے والد کو دیکھنا چاہتی ہوں، اگر عدالت ایک گھنٹے کی مہلت دے تو میں اسپتال میں اپنے والد میاں نواز شریف سے ملاقات کر لوں گی۔ لاہور کی احتساب عدالت نے مریم نواز کی نواز شریف سے ملاقات کی درخواست مسترد کر دی، جج نے قرار دیا کہ یہ عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں۔ عدالت نے مریم نواز اور ان کے کزن یوسف عباس کے جوڈیشل ریمانڈ میں 25 اکتوبر تک توسیع کر دی۔ مریم نواز نے کمرۂ عدالت میں اپنے بیٹے جنید صفدر سے اپنے والد میاں نواز شریف اور شوہر کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی خیریت دریافت کی۔
خبر کا کوڈ: 823627