QR CodeQR Code

سیکرٹریٹ پر عوام کو نہ ٹرخایا جائے صوبہ ملتان بناکر وسائل کا رخ جنوبی پنجاب کی طرف موڑا جائے، زاہد بلال قریشی

28 Oct 2019 20:05

ملتان میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک صوبہ ملتان کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ صوبہ ملتان کے قیام کے لئے کوشاں ہیں، جنوبی پنجاب کی عوام صوبہ ملتان کی حقیقت کو جان چکے ہیں، ہمارے اراکین اسمبلی صوبہ ملتان کی اہمیت کو سمجھیں اور اس کے لئے کردار ادا کرتے ہوئے اسمبلی میں صوبہ ملتان کے قیام کے لئے آواز بلند کریں۔


اسلام ٹائمز۔ تحریک صوبہ ملتان کے مرکزی سیکرٹری جنرل زاہد بلال قریشی نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کی عوام کا استحصال آج بھی جاری ہے جس کا مداوا صوبہ ملتان کے قیام کی صورت میں ممکن ہے۔ جنوبی پنجاب خطے کی عوام زراعت کی تباہ حالی، حکومتی عدم توجہی، صحت اور تعلیم کی سہولیات کے فقدان، مہنگائی بیروزگاری کے باعث انتہائی پریشان ہے، ان تمام مسائل کے حل کیلئے الگ انتظامی بنیادوں پر صوبہ ملتان کے قیام کو یقینی بنایا جائے، سیکرٹریٹ پر عوام کو نہ ٹرخایا جائے صوبہ ملتان بناکر وسائل کا رخ جنوبی پنجاب کی طرف موڑا جائے۔ تحریک صوبہ ملتان صوبہ کے قیام تک اپنی جدوجہد کو جاری رکھے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک صوبہ ملتان کے مرکزی سیکرٹریٹ میں تحریک کے کارکنان اور مختلف وفود، عمائدین شہر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ہمہ قسمی تعصبات سے بالاتر ہوکر صوبہ ملتان کے قیام کے لئے کوشاں ہیں اور جنوبی پنجاب کی عوام صوبہ ملتان کی حقیقت کو جان چکے ہیں، ہمارے اراکین اسمبلی صوبہ ملتان کی اہمیت کو سمجھیں اور اس کے لئے کردار ادا کرتے ہوئے اسمبلی میں صوبہ ملتان کے قیام کے لئے آواز بلند کریں۔ مہنگائی اور بیروزگاری نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے دوسری طرف صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولیات کا ہی شدید فقدان ہے، جس کے باعث یہاں کی عوام شدید مشکلات اور پریشانی سے دوچار ہے تمام تر مسائل کے حل کے لئے سیکرٹریٹ نہیں بلکہ صوبہ ملتان کے قیام کو یقینی بنایا جائے۔


خبر کا کوڈ: 824402

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/824402/سیکرٹریٹ-پر-عوام-کو-نہ-ٹرخایا-جائے-صوبہ-ملتان-بناکر-وسائل-کا-رخ-جنوبی-پنجاب-کی-طرف-موڑا-زاہد-بلال-قریشی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org