سندھ اسمبلی، اپوزیشن لیڈر کا اپنے حلقے سے وزیراعلیٰ کو الیکشن لڑنے کا چیلنج
15 Nov 2019 14:16
اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ سندھ کے وزیراعلیٰ کہتے ہیں ہم نے کارکردگی پر الیکشن جیتا ہے، میں ان کو چیلنج کرتا ہوں آئیں میرے حلقے سے استعفے دیکر الیکشن لڑیں، قائد حزب اختلاف کے ان ریمارکس پر ایوان میں بیٹھے ارکان اور گیلری میں بیٹھے لوگوں کی شدید نعرے بازی شروع کردی۔
اسلام ٹائمز۔ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو چیلنج کیا ہے کہ آئیں میرے حلقے سے استعفے دیکر الیکشن لڑیں۔ اسپیکر آغا سراج درانی کی زیر صدارت سندھ اسمبلی کے اجلاس میں پی ایس 86 کے ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی کے کامیاب امیدوار صالح شاہ جیلانی نے اسمبلی رکنیت کا حلف اٹھایا، انہوں نے انگریزی زبان میں حلف اٹھایا، اسپیکر آغا سراج درانی نے نومنتخب رکن صالح شاہ جیلانی سے حلف لیا، ایوان میں قائد وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور پیپلز پارٹی کے ارکان موجود تھے تاہم اپوزیشن ارکان ایوان سے غیرحاضر رہے۔ اس موقع پر اسپیکر آغا سراج درانی کا کہنا تھا کہ ہمارے دیرینہ دوست غلام شاہ جیلانی کی آج یاد تازہ ہوگئی ان کا صاحبزادہ منتخب ہوکر ایوان میں آیا ہے، ہم ان کے والد مرحوم کی مغفرت کی دعا کرتے ہیں، ایوان میں موجود وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ اور پی پی ارکان نے صالح شاہ جیلانی کو گلے لگا کر مبارکباد دی، پی پی ارکان نے ڈیسک بجا کر صالح شاہ جیلانی کا ایوان میں استقبال کیا۔ نو منتخب رکن نے ایوان میں اپنے اولین خطاب میں کہا کہ چئیرمین پیپلز پارٹی اور عوام کا شکرگزار ہوں۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ صالح شاہ میرا چھوٹا بھائی ہے میں ان کو سیف کے نام سے جانتا ہوں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یقین ہے صالح شاہ اپنے والد کے نقش قدم پر چلیں گے اور عوام کی خدمت کریں گے۔ اس موقع پر اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نے بھی نومنتخب رکن کو مبارکباد دی اور کہا کہ میں ان کو مبارکباد دیتا ہوں مگر یہ الگ بات ہے کہ یہ الیکشن فیئر نہیں ہوئے۔
خبر کا کوڈ: 827510