0
Friday 15 Nov 2019 14:16

سندھ اسمبلی، اپوزیشن لیڈر کا اپنے حلقے سے وزیراعلیٰ کو الیکشن لڑنے کا چیلنج

سندھ اسمبلی، اپوزیشن لیڈر کا اپنے حلقے سے وزیراعلیٰ کو الیکشن لڑنے کا چیلنج
اسلام ٹائمز۔ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو چیلنج کیا ہے کہ آئیں میرے حلقے سے استعفے دیکر الیکشن لڑیں۔ اسپیکر آغا سراج درانی کی زیر صدارت سندھ اسمبلی کے اجلاس میں پی ایس 86 کے ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی کے کامیاب امیدوار صالح شاہ جیلانی نے اسمبلی رکنیت کا حلف اٹھایا، انہوں نے انگریزی زبان میں حلف اٹھایا، اسپیکر آغا سراج درانی نے نومنتخب رکن صالح شاہ جیلانی سے حلف لیا، ایوان میں قائد وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور پیپلز پارٹی کے ارکان موجود تھے تاہم اپوزیشن ارکان ایوان سے غیرحاضر رہے۔ اس موقع پر اسپیکر آغا سراج درانی کا کہنا تھا کہ ہمارے دیرینہ دوست غلام شاہ جیلانی کی آج یاد تازہ ہوگئی ان کا صاحبزادہ منتخب ہوکر ایوان میں آیا ہے، ہم ان کے والد مرحوم کی مغفرت کی دعا کرتے ہیں، ایوان میں موجود وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ اور پی پی ارکان نے صالح شاہ جیلانی کو گلے لگا کر مبارکباد دی، پی پی ارکان نے ڈیسک بجا کر صالح شاہ جیلانی کا ایوان میں استقبال کیا۔ نو منتخب رکن نے ایوان میں اپنے اولین خطاب میں کہا کہ چئیرمین پیپلز پارٹی اور عوام کا شکرگزار ہوں۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ صالح شاہ میرا چھوٹا بھائی ہے میں ان کو سیف کے نام سے جانتا ہوں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یقین ہے صالح شاہ اپنے والد کے نقش قدم پر چلیں گے اور عوام کی خدمت کریں گے۔ اس موقع پر اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نے بھی نومنتخب رکن کو مبارکباد دی اور کہا کہ میں ان کو مبارکباد دیتا ہوں مگر یہ الگ بات ہے کہ یہ الیکشن فیئر نہیں ہوئے۔
 
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ سندھ کے وزیراعلیٰ کہتے ہیں ہم نے کارکردگی پر الیکشن جیتا ہے، میں ان کو چیلنج کرتا ہوں آئیں میرے حلقے سے استعفے دیکر الیکشن لڑیں، قائد حزب اختلاف کے ان ریمارکس پر ایوان میں بیٹھے ارکان اور گیلری میں بیٹھے لوگوں کی شدید نعرے بازی شروع کردی۔ وزیر اطلاعات سعید غنی اپنی نشست سے اٹھ کھڑے ہوئے اور کہا کہ ان کے دماغ میں خناس ہے میں ان کو چیلنج کرتا ہوں فردوس شمیم صاحب اپنے حلقے یا میں اپنے حلقے سے استعفے دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ تو دور کی بات ہے فردوس شمیم مجھ سے مقابلہ کریں میں ان سے مقابلے کو تیار ہوں۔ سعید غنی نے انتہائی جذباتی انداز میں کہا کہ میں اپنی نشست سے مستعفی ہوتا ہوں، فردوس شمیم نقوی میرے مقابلے میں الیکشن لڑیں۔ بحث مباحثے سے تنگ آکر اسپیکر نے کہا کہ اگر چیلنج کا معاملہ ہے تو دونوں ارکان مجھے استعفیٰ بھیج دیں، میں استعفی الیکشن کمیشن کو بھیج دونگا۔ شرجیل میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں کو معلوم ہے کہ دوبارہ الیکشن ہوئے تو ان میں سے کوئی بھی نہیں جیت سکتا، اگر وزیراعلیٰ سے استعفیٰ مانگ رہے ہیں تو وزیراعظم عمران خان بھی استعفیٰ دیں۔ وزیراعلیٰ سندھ عمران خان کے مقابلے پر الیکشن لڑ سکتے ہیں، اپوزیشن لیڈر کے شور شرابے پر اسپیکر نے کہا کہ زیادہ نہ چیخیں آپ کا گلا بیٹھ جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 827510
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش