QR CodeQR Code

عمران حکومت کی مشرف کو بچانے کی کوششیں عوام کیلئے مایوسی کا باعث ہیں، مفتی نعیم

30 Nov 2019 23:45

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے جامعہ بنوریہ عالمیہ کراچی کے رئیس نے کہا کہ عمران حکومت سابق آمر کے خلاف ہونے والی کسی بھی کارروائی سے یکسر لاتعلق رہ کر آئین و قانون کی بالادستی اور فوج پر عوام کے اعتماد کو بڑھائے۔


اسلام ٹائمز۔ جامعہ بنوریہ عالمیہ کراچی کے رئیس مفتی محمد نعیم نے کہا ہے کہ قوم پرویز مشرف کا منطقی انجام دیکھنا چاہتی ہے، عمران حکومت کی مشرف کو بچانے کی کوششیں عوام کیلئے مایوسی کا باعث ہیں، وزیراعظم اقتدار سے پہلے مشرف کو قومی مجرم کہتے تھے، آج کس منہ سے سزا رکوا رہے ہیں، انصاف کے نام پر اقتدار حاصل کرنے والوں کو انصاف میں رخنا ڈالنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ جامعہ بنوریہ کراچی میں ملاقات کیلئےآئے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے مفتی نعیم نے کہا کہ ملک گذشتہ سولہ سترہ سال سے جن حالات سے گزرا، اس کا تمام تر ذمہ دار مشرف ہے، اس کیخلاف عدالت میں غداری کا مقدمہ چلایا گیا۔

گذشتہ حکمرانوں نے مشرف کو ملک سے فرار کیا اور اب یہ حکمران مشرف کی سزا رکوانے کی کوششوں میں مصروف نظر آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم آج تک سابق آمر کی بزدلانہ پالیسیوں کا خمیازہ جانی و مالی نقصانات کی شکل میں اٹھا رہی ہے۔ عمران حکومت سابق آمر کے خلاف ہونے والی کسی بھی کارروائی سے یکسر لاتعلق رہ کر آئین و قانون کی بالادستی اور فوج پر عوام کے اعتماد کو بڑھائے، تاکہ آئندہ کسی کو بھی آئین پاکستان اور اعلیٰ اداروں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کی جرأت نہ ہوسکے۔


خبر کا کوڈ: 830014

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/830014/عمران-حکومت-کی-مشرف-کو-بچانے-کوششیں-عوام-کیلئے-مایوسی-کا-باعث-ہیں-مفتی-نعیم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org