آئی ایم ایف سے دوبارہ مذاکرات کرکے عوام کے مفاد میں معاہدہ کرے، بلاول بھٹو زرداری
19 Feb 2020 20:15
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مہنگائی نے عوام کا جینا حرام کر دیا ہے، حکومت کی اپنی رپورٹ کے مطابق مہنگائی بڑھی ہے لیکن حکومت جواب دینے کے بجائے گالم گلوچ اور کردار کشی کرتی ہے۔
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے حکومت سے ایک بار پھر مطالبہ کیا ہے کہ وہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے دوبارہ مذاکرات کرکے عوام کے مفاد میں معاہدہ کرے۔ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مہنگائی نے عوام کا جینا حرام کر دیا ہے، حکومت کی اپنی رپورٹ کے مطابق مہنگائی بڑھی ہے لیکن حکومت جواب دینے کے بجائے گالم گلوچ اور کردار کشی کرتی ہے، تاہم عوام کے مسائل اور معاشی قتل پر اسمبلی میں آواز اٹھاتے رہیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک کہہ رہا ہے کہ کسی اور حکومت نے 15 ماہ میں اتنا قرض نہیں لیا جتنا اس حکومت نہیں لیا ہے، وفاقی ریونیو بورڈ (ایف بی آر) ٹیکس ٹارگٹ پورا نہیں کر سکا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کہنے کو تو قومی اسمبلی کا پچھلا سیشن مہنگائی پر بات کرنے کے لیے تھا لیکن حکومت کی طرف سے کسی ایک وزیر نے مہنگائی اور معاشی قتل پر جواب نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کے حقوق کی آواز بلند کی ہے، موجودہ حکومت نے عوام کا جینا مشکل کر دیا ہے، پاکستان کے عوام جانتے ہیں کہ ان کی تنخواہ میں اضافہ پیپلز پارٹی کے دور میں ہوا اور پیپلز پارٹی نے عوام کے حقوق اور مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ اس وقت بھی آئی ایم ایف تھا لیکن پیپلز پارٹی نے اپنے ملک اور عوام کے حقوق پر سودے بازی نہیں کی، ان کو تو کچھ معلوم ہی نہیں ہے اور نالائق اور نااہل حکومت پی ٹی آئی ایم ایف ڈیل لے کر آئی جو عوام دشمن معاہدہ ہے۔
خبر کا کوڈ: 845535