افغانوں کے درمیان اختلاف، امریکہ کا ایک ارب ڈالر امداد کم کرنیکا اعلان
24 Mar 2020 16:05
مائیک پومپیو نے کہا کہ امریکا دونوں افغان قائدین کے رویہ سے مایوس ہوا اور اس طرح امریکا اور افغانستان کے تعلقات کو نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ افغان رہنماؤں کا رویہ دراصل امن عمل میں جان دینے والے اہلکاروں کی توہین ہے۔
اسلام ٹائمز۔ ٹرمپ انتظامیہ نے افغانستان کے رہنماؤں افغان صدر اشرف غنی اور سابق چیف ایگزیکٹو عبداللہ اللہ کے مابین متوازی حکومت کی تشکیل سازی میں عدم اتفاق پر ایک ارب ڈالر کی امداد میں کمی کا فیصلہ کرلیا۔ خبررساں ادارے اے پی امریکا نے مزید دھمکی دی ہے کہ اگر وہ متفق نہ ہوئے تو ہر قسم کے تعاون میں کمی کردی جائے گی۔ امداد میں کٹوتی کا فیصلہ امریکی سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو نے کابل کے غیر متوقع دورہ کرنےکے بعد کیا۔ انہوں نے افغان صدر اشرف غنی اور سابق چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ سے ملاقات کیں تھیں۔ واضح رہے اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہ سیاسی حریف ہیں جبکہ مائیک پومپیو دنوں کے درمیان سیاسی تنازع دور کرنے میں ناکام رہے۔ مائیک پومپیو نے دونوں افغان رہنماؤں کو ایک ساتھ مل کر کام نہ کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا اور دھکمی دی کہ اس طرح افغان امن عمل متاثر ہوگا۔ مائیک پومپیو نے کہا کہ امریکا کو اس پر سخت افسوس ہے کہ افغان صدر اشرف غنی اور سابق چیف ایگزیکٹو عبد اللہ عبد اللہ نے امریکی سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو کو مطلع کیا ہے کہ وہ مشترکہ طور پر حکومت سازی پر متفق نہیں ہیں۔
خبر کا کوڈ: 852308