QR CodeQR Code

سندھ حکومت کے اقدامات سے شہریوں کا ریاست پر اعتماد مضبوط ہوا ہے، بلاول بھٹو زرداری

12 Apr 2020 02:12

وزیراعلیٰ سندھ سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی پی نے کہا کہ سندھ حکومت تعریف کی مستحق ہے، آپ نے عوامی حکومت کے تصور کو عملی شکل دی ہے، حکومت کی سب سے بڑی ترجیح لوگوں کی زندگی محفوظ بنانا ہونا چاہیئے، کورونا وباء کا سامنا کرنے کے لئے سب کو متحد ہونا ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کے اقدامات سے شہریوں کا ریاست پر اعتماد مضبوط ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی پی بلاول بھٹو اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ میں ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔ بلاول بھٹو نے وزیراعلیٰ سے کورونا کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ لی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ کورونا ٹیسٹنگ صلاحیت میں اضافے کی بھرپور کوششیں کر رہے ہیں، لاک ڈاؤن سے متاثرہ افراد کی بحالی کے لئے بھی اقدامات کر رہے ہیں۔ اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے کورونا سے بچاؤ کے لئے مثالی اقدامات کئے ہیں، سندھ حکومت کے اقدامات سے شہریوں کا ریاست پر اعتماد مضبوط ہوا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ سندھ میں ہیلتھ انفرا اسٹرکچر ملک بھر میں سب سے بہتر ہے، سندھ حکومت تعریف کی مستحق ہے، آپ نے عوامی حکومت کے تصور کو عملی شکل دی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ حکومت کی سب سے بڑی ترجیح لوگوں کی زندگی محفوظ بنانا ہونا چاہیئے، کورونا وباء کا سامنا کرنے کے لئے سب کو متحد ہونا ہوگا۔ واضح رہے کہ پاکستان میں 190 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد ساڑھے چار ہزار سے بڑھ گئی ہے۔


خبر کا کوڈ: 856135

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/856135/سندھ-حکومت-کے-اقدامات-سے-شہریوں-کا-ریاست-پر-اعتماد-مضبوط-ہوا-ہے-بلاول-بھٹو-زرداری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org