QR CodeQR Code

لگتا ہے وزیر خارجہ کو قوم کو تقسیم کرنیکی ذمہ داری پر لگا دیا گیا ہے، مولا بخش چانڈیو

13 May 2020 00:35

اپنے ایک بیان میں پی پی رہنما نے کہا کہ سندھ کے لوگوں کا سیاسی عشق بھٹو ہیں اور انکا ووٹ بھٹو کے نواسے بلاول بھٹو زرداری کا ہے، یہ وقت کورونا سے لڑنے کا ہے، مگر وفاقی حکومت سندھ پر حملوں کے درپے ہے، ہم آج بھی کہہ رہے ہیں کہ سیاست بعد ہوتی رہے گی، آئیں ملکر عوام کو کورونا سے بچائیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی ترجمان سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ لگتا ہے وزیر خارجہ کو قوم کو تقسیم کرنے کی ذمہ داری پر لگا دیا گیا ہے، قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ میں بھی وزیر خارجہ نے بدترین سیاسی تقسیم کا مظاہرہ کیا۔ ایک بیان میں مولا بخش چابڈیو نے کہا کہ وزیر خارجہ کی تقریر میں سیاسی نفرت کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی تھی، جبکہ کورونا پالیسی سرے سے غائب تھی، جو کہ اصل زیر بحث ایشو تھا۔ انہوں نے کہا کہ اپنے نئے قائد کی طرح قریشی صاحب نے سندھ پر حملے کا اعلان کیا، وزیر خارجہ نے اپنے سیاسی مقاصد کے لئے سندھ کے لوگوں کے دل دکھائے، قریشی صاحب افسوس ہے کہ جس سندھ نے آپ کو محبت دی ہے، آج اسی سندھ سے آپ کو تعصب کی بو آ رہی ہے، سندھ کے لوگ آپ کے بزرگوں کے صدقے آج بھی آپ کو وہی پیار دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قریشی صاحب سندھ میں آپ کو عقیدت، محبت اور نذرانے ضرور ملیں گے، مگر اب سیاسی حمایت اور ووٹ نہیں ملیں گے۔

مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ سندھ کے لوگوں کا سیاسی عشق بھٹو ہیں اور ان کا ووٹ بھٹو کے نواسے بلاول بھٹو زرداری کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت کورونا سے لڑنے کا ہے ،مگر وفاقی حکومت سندھ پر حملوں کے درپے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آج بھی کہہ رہے ہیں کہ سیاست بعد ہوتی رہے گی، آئیں مل کر عوام کو کورونا سے بچائیں۔ انہوں نے کہا کہ میری پارٹی کے چیئرمین نے گذشتہ روز قومی اسمبلی میں مفاہمت کی جو پیشکش کی، پوری قوم اس کی معترف ہے، اگر ہماری مفاہمانہ زبان کو کمزوری سمجھا جا رہا ہے تو پھر قریشی صاحب آپ سندھ آئیں، ہم تیار ہیں، آئندہ انتخابات میں آپ کی ضمانتیں ضبط ہو جائیں گی۔


خبر کا کوڈ: 862327

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/862327/لگتا-ہے-وزیر-خارجہ-کو-قوم-تقسیم-کرنیکی-ذمہ-داری-پر-لگا-دیا-گیا-مولا-بخش-چانڈیو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org