عمران خان کا عالمی اقتصادی فورم کووِڈ ایکشن پلیٹ فارم سے آن لائن خطاب
20 May 2020 23:09
فورم سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ کروڑوں لوگوں کو بھوک سے بچانے کیلئے معیشت کو کھولنا ضروری ہے، 10 لاکھ رضا کار وں پر مشتمل ٹائیگر فورس تیار کرکے انتظامیہ کے ساتھ اتاری گئی، آئندہ سالوں میں آنے والے چیلنجز کا سامنا پوری دنیا کو ہے۔
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ یورپ، امریکا اور چین کے مقابلے میں ہمیں کورونا کے ساتھ ساتھ غربت کا بھی سامنا ہے۔ عالمی اقتصادی فورم کووِڈ ایکشن پلیٹ فارم سے آن لائن خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک میں جس صورتحال کا ہمیں سامنا ہے وہ یورپ سے مختلف ہے، ہمیں لاک ڈاؤن کے دوران غریب طبقے کی بڑھتی مشکلات کو بھی دیکھنا ہے ، لاک ڈاؤن سے دیہاڑی دار طبقہ بے روزگار ہوا، ہم نے پاکستان میں دیہاڑی دار طبقے کیلئے کیش پروگرام شروع کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ کیش پروگرام اس مسئلے کا قلیل المدتی حل ہے، پاکستان میں اب تک ایک کروڑ سے زائد خاندانوں کو نقد امداد فراہم کرچکے، ہمیں کورونا کیسز میں اضافے کا سامنا ہے دوسری طرف غربت کو بھی دیکھنا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کروڑوں لوگوں کو بھوک سے بچانے کیلئے معیشت کو کھولنا ضروری ہے، 10 لاکھ رضا کار وں پر مشتمل ٹائیگر فورس تیار کرکے انتظامیہ کے ساتھ اتاری گئی، آئندہ سالوں میں آنے والے چیلنجز کا سامنا پوری دنیا کو ہے، کورونا وبا کے خلاف مشترکہ عالمی رد عمل ہونا چاہیے۔
خبر کا کوڈ: 863904