نیتن یاہو کے مفادات کے محافظ تمام صیہونی جرائم میں برابر کے شریک ہیں، محمد جواد ظریف
21 May 2020 23:18
ایرانی وزیر خارجہ نے امریکہ کیطرف سے ہر حال میں کیجانے والی اسرائیلی مفادات کی حفاظت کیطرف اشارہ کرتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ وہ لوگ جو بنجمن نیتن یاہو کے مفاد کو ہر دوسری چیز پر ترجیح دیتے ہیں، چاہے وہ امریکی وزارت خارجہ میں موجود ہوں یا وائٹ ہاؤس میں، انسانیت کیخلاف اسرائیل کے تمام جرائم میں برابر کے شریک ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے پیغام میں اس سوال کے ذریعے کہ امریکہ و مغرب (اس) جمہوریت سے خوفزدہ کیوں ہے؟ امریکہ و یورپ کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ہے کہ تمہارے جرائم اور احساس گناہ کی قیمت فلسطینیوں کو نہیں چکانا چاہئے۔
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے امریکہ کی طرف سے ہر حال میں کی جانے والی اسرائیلی مفادات کی حفاظت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ٹوئٹر پر جاری ہونے والے اپنے ایک پیغام میں لکھا ہے کہ وہ لوگ جو بنجمن نیتن یاہو کے مفاد کو ہر دوسری چیز پر ترجیح دیتے ہیں، چاہے وہ امریکی وزارت خارجہ میں موجود ہوں یا وائٹ ہاؤس میں، انسانیت کے خلاف اسرائیل کے تمام جرائم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ بنجمن نیتن یاہو کے حامی فلسطینی زمینوں کے غصب اور صدی کی ڈیل کے تحت تبعیض پر مبنی اقدامات سے لے کر امریکی اسلحے کے ذریعے فلسطینی بچوں کے قتل تک کے تمام اسرائیلی جرائم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے اپنے پیغام کے آخر میں غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کی جانب سے فلسطینی اراضی پر غیرقانونی قبضے اور فلسطینی خواتین و بچوں کو بےدردی کے ساتھ گرفتار کئے جانے پر مبنی تصاویر بھی منسلک کیں۔
خبر کا کوڈ: 864123