1
Thursday 21 May 2020 23:18

نیتن یاہو کے مفادات کے محافظ تمام صیہونی جرائم میں برابر کے شریک ہیں، محمد جواد ظریف

نیتن یاہو کے مفادات کے محافظ تمام صیہونی جرائم میں برابر کے شریک ہیں، محمد جواد ظریف
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے امریکہ کی طرف سے ہر حال میں کی جانے والی اسرائیلی مفادات کی حفاظت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ٹوئٹر پر جاری ہونے والے اپنے ایک پیغام میں لکھا ہے کہ وہ لوگ جو بنجمن نیتن یاہو کے مفاد کو ہر دوسری چیز پر ترجیح دیتے ہیں، چاہے وہ امریکی وزارت خارجہ میں موجود ہوں یا وائٹ ہاؤس میں، انسانیت کے خلاف اسرائیل کے تمام جرائم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ بنجمن نیتن یاہو کے حامی فلسطینی زمینوں کے غصب اور صدی کی ڈیل کے تحت تبعیض پر مبنی اقدامات سے لے کر امریکی اسلحے کے ذریعے فلسطینی بچوں کے قتل تک کے تمام اسرائیلی جرائم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے اپنے پیغام کے آخر میں غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کی جانب سے فلسطینی اراضی پر غیرقانونی قبضے اور فلسطینی خواتین و بچوں کو بےدردی کے ساتھ گرفتار کئے جانے پر مبنی تصاویر بھی منسلک کیں۔
ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ٹوئٹر پر جاری ہونے والے اپنے ایک اور پیغام میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پمپیو کی طرف سے فلسطین کے بارے مبینہ ہولوکاسٹ پر مبنی ہرزہ سرائی کا جواب دیتے ہوئے لکھا ہے کہ وہ جن کے تمدن میں گیس چیمبرز (میں ڈال کر یہودیوں کے قتل) کو آخری حل سمجھا جاتا ہے، کی طرف سے جمہوری عمل کے مطابق  بیلٹ باکس اور ریفرنڈم کے ذریعے فیصلے کے حامیوں پر حملہ کیا جانا انتہائی گھناؤنا اقدام ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے پیغام میں اس سوال کے ذریعے کہ امریکہ و مغرب (اس) جمہوریت سے خوفزدہ کیوں ہے؟ امریکہ و یورپ کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ہے کہ تمہارے جرائم اور احساس گناہ کی قیمت فلسطینیوں کو نہیں چکانا چاہئے۔ انہوں نے اپنے پیغام کے آخر میں ایک پوسٹر بھی منسلک کیا جس میں فلسطین کے عنقریب آزاد ہو جانے کی امید ظاہر کی گئی تھی۔
خبر کا کوڈ : 864123
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش