QR CodeQR Code

یہ تاثر غلط ہے کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر حکومت مریض کو زبردستی ہسپتال منتقل کردیتی ہے، مرتضیٰ وہاب

27 May 2020 22:28

اپنے ویڈیو بیان میں ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ کسی بھی شخص میں کورونا علامات ہیں تو محکمہ صحت کی ہیلپ لائن سے رجوع کرے، محکمہ صحت کی ٹیم گھر آکر اس فرد کا مفت ٹیسٹ کریگی، ٹیسٹ مثبت آنے پر محکمہ صحت کی ٹیم متعلقہ شخص کو گائیڈ کریگی تاکہ وہ بہتر انداز میں اپنی دیکھ بھال کرسکے۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ یہ تاثر غلط ہے کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر حکومت مریض کو زبردستی ہسپتال منتقل کردیتی ہے، بعض عناصر کی طرف سے یہ غلط تاثر پھیلایا جارہا ہے۔ کورونا کے مریضوں سے متعلق اہم ویڈیو بیان میں مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ خدانخواستہ کسی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آتا ہے اور اس میں علامات نہیں ہیں تو وہ خود کو اپنے گھر میں آئیسولیٹ کرے، کورونا مثبت آنے کے باوجود جس شخص میں علامات نہیں ہیں وہ اے کیٹگری میں آتا ہے، اس حوالے سے سندھ حکومت نے ایس او پیز بھی جاری کر رکھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس تاثر کو زائل کرنا انتہائی ضروری ہے تاکہ شہری بلا خوف اپنا ٹیسٹ کروائیں، شہری اپنا کورونا ٹیسٹ کروانے سے مت گھبرائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی شخص میں کورونا علامات ہیں تو محکمہ صحت کی ہیلپ لائن سے رجوع کرے، محکمہ صحت کی ٹیم گھر آکر اس فرد کا مفت ٹیسٹ کریگی، ٹیسٹ مثبت آنے پر محکمہ صحت کی ٹیم متعلقہ شخص کو گائیڈ کریگی تاکہ وہ بہتر انداز میں اپنی دیکھ بھال کرسکے، ایسا قطعی نہیں کہ حکومت زبردستی اسے اسپتال میں داخل کریگی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دینا ہوگا، شہری حکومتی اداروں پر اعتماد کرتے ہوئے گھبرائے بنا اپنا ٹیسٹ کروائیں، اے کیٹگری والے کورونا مریض کے ساتھ کوئی زبردستی نہیں کی جاتی، ایسے افراد خود کو گھر میں آئیسولیٹ کرسکتے ہیں جس کے لئے حکومت انکی مدد کریگی۔


خبر کا کوڈ: 865099

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/865099/یہ-تاثر-غلط-ہے-کہ-کورونا-ٹیسٹ-مثبت-آنے-پر-حکومت-مریض-کو-زبردستی-ہسپتال-منتقل-کردیتی-مرتضی-وہاب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org