QR CodeQR Code

کورونا کی وجہ سے کیا جانیوالا لاک ڈاؤن کرونا سے زیادہ خطرناک ہے، اشرف جلالی

28 May 2020 10:18

تحریک لبیک یارسول اللہ کے سربراہ کا کہنا ہے کہ دینی مدارس کے طلبہ کا مزید تعلیمی نقصان برداشت نہیں کر سکتے، دینی مدارس کے سالانہ امتحانات کو ملتوی کرنے کا اقدام نہایت غلط تھا، شعبہ حفظ کو بند کرنے سے حفاظ کی سالانہ گردان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔


اسلام ٹائمز۔ تحریک لبیک یارسول اللہ کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم پاکستان کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا ہے کہ دینی مدارس کے طلبہ کا مزید تعلیمی نقصان برداشت نہیں کر سکتے، دینی مدارس کے سالانہ امتحانات کو ملتوی کرنے کا اقدام نہایت غلط تھا، شعبہ حفظ کو بند کرنے سے حفاظ کی سالانہ گردان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ مدارس میں درس و تدریس کے سلسلہ کی برکات پورے معاشرے کو ملتی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ مدارس دینیہ میں نئے تعلیمی سال کے آغاز کیلئے جلد ہی ”مدارس تعلیمی کنونشن“ منعقد کیا جائے گا، جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں ملک بھر کے مدارس اہلسنت کے ناظمین اور مہتمم حضرات سے روابط شروع کر دیئے گئے ہیں، دینی مدارس کے طلباء کا ایک ایک لمحہ بڑا قیمتی ہے، پہلے ہی وقت کی تنگ دامنی کی وجہ سے نصاب مکمل کرنے میں بہت مشکلات پیش آتی ہیں، کورونا کی وجہ سے کیا جانیوالا لاک ڈاؤن کرونا سے زیادہ خطرناک ہے۔


خبر کا کوڈ: 865163

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/865163/کورونا-کی-وجہ-سے-کیا-جانیوالا-لاک-ڈاو-ن-کرونا-زیادہ-خطرناک-ہے-اشرف-جلالی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org