QR CodeQR Code

حشد الشعبی کی تشکیل کی چھٹی سالگرہ

دینی مرجعیت ہی حشد الشعبی کی بانی اور اسکی نظر تنظیم نو میں بنیادی حیثیت رکھتی ہے، فالح الفیاض

14 Jun 2020 23:06

عراقی خبررساں ایجنسی الحشد کیمطابق عراقی سرکاری افواج میں شامل عوامی مزاحمتی فورس حشد الشعبی کی چھٹی سالگرہ کے حوالے سے منعقد کی جانیوالی تقریب میں عراقی وزیراعظم مصطفی الکاظمی اور عراقی قومی سلامتی کے مشیر و حشد الشعبی کے کمانڈر انچیف فالح الفیاض نے بھی خطاب کیا۔ فالح الفیاض نے اپنے خطاب میں حشد الشعبی کو عراقی اعلی دینی مرجعیت کے عظیم فتوے کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عراقی اعلی دینی مرجعیت کی نظر حشد الشعبی کی تنظیم نو میں بنیادی حیثیت کی حامل ہے۔


اسلام ٹائمز۔ عراقی خبررساں ایجنسی الحشد کے مطابق عراق میں جہاد کفائی پر مبنی اعلی دینی مرجعیت کے فتوے اور اس کے نتیجے میں عوامی مزاحمتی فورس حشد الشعبی کے وجود میں آنے کی چھٹی سالگرہ کے حوالے سے عراقی قومی سلامتی کے مشیر اور عراقی سرکاری افواج میں شامل عوامی مزاحمتی فورس حشد الشعبی کے کمانڈر انچیف فالح الفیاض نے کہا ہے کہ حشد الشعبی عراق کی اعلی دینی مرجعیت کے فتوے پر تشکیل پائی ہے اور اس کی تنظیم نو میں بھی اعلی دینی مرجعیت کی رائے ہی بنیادی حیثیت کی حامل ہے۔ عراقی قومی سلامتی کے مشیر نے کہا کہ عراقی اعلی دینی مرجعیت ہی حشد الشعبی کی بانی ہے اور وہی حشد الشعبی کے روحانی باپ کا درجہ بھی رکھتی ہے۔

حشد الشعبی کے کمانڈر انچیف فالح الفیاض نے عوامی مزاحمتی فورس حشد الشعبی کی تنظیم نو کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حشد الشعبی کے قبائلی بریگیڈز کو مرکزی بریگیڈز میں ضم کرنے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جبکہ حشد الشعبی کی مکمل تنظیم نو کے لئے نیا ڈھانچہ بھی تیار کر لیا گیا ہے۔ حشد الشعبی کے کمانڈر انچیف اور عراقی قومی سلامتی کے مشیر نے اپنی گفتگو کے آخر میں کہا کہ حشد الشعبی کو نئے سرے سے منظم کر رہے ہیں جبکہ اس مقدس جہادی فورس کو کمانڈ کرنا میرے لئے انتہائی قابل فخر ہے۔

حشد الشعبی کی چھٹی سالگرہ کے حوالے سے منعقد کی گئی اس تقریب سے عراقی وزیراعظم مصطفی الکاظمی نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب کے دوران حشد الشعبی کے وجود میں آنے کو بین الاقوامی دہشتگرد تنظیم داعش کے خلاف جدوجہد میں ایک اہم موڑ قرار دیا اور کہا کہ آج سے 6 سال قبل، اسی دن ہماری عوام دہشتگردی کے ایک بڑے طوفان یعنی داعش کے ساتھ مقابلے کے لئے اٹھ کھڑے ہوئے تھے درحالیکہ دنیا میں بہت سے لوگ یہ سمجھتے تھے کہ ہمارا ملک سالمیت کے ساتھ اس اس عظیم مصیبت سے ہرگز چھٹکارا نہیں پا سکتا۔


خبر کا کوڈ: 868586

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/868586/دینی-مرجعیت-ہی-حشد-الشعبی-کی-بانی-اور-اسکی-نظر-تنظیم-نو-میں-بنیادی-حیثیت-رکھتی-ہے-فالح-الفیاض

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org