QR CodeQR Code

فوج سے مدد لینا خوش آئند ہے لیکن کراچی کے مسئلے کا مستقل حل نکالا جائے، مصطفیٰ کمال

1 Aug 2020 02:43

تاجروں اور کاروباری شخصیات سے ملاقات کے دوران چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ وزیراعظم وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کرکے کراچی کے مسائل حل کرائیں، کراچی کی صورتحال صرف اہلیان کراچی کا مسئلہ نہیں ہے، کراچی میں کاسمیٹک اقدامات کرنا ملک کے لئے نقصان دہ ثابت ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے کراچی کے مسئلے پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور پاک فوج سے مدد کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے وزیراعظم سے مسائل کے مستقل حل کے لئے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ چیئرمین پی ایس پی نے تاجروں اور کاروباری شخصیات سے ملاقات اور شہر کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ کراچی کے مسئلے پر این ڈی ایم اے اور  پاک فوج سے مدد خوش آئند ہے لیکن کراچی کے مسئلے کے حل کے لئے یہ اقدامات عارضی ہیں، وزیراعظم کو چاہیئے کہ اس کے مستقل حل کے لئے اپنے اختیارات استعمال کریں۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وزیراعظم وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کرکے کراچی کے مسائل حل کرائیں، کراچی کی صورتحال صرف اہلیان کراچی کا مسئلہ نہیں ہے، کراچی میں کاسمیٹک اقدامات کرنا ملک کے لئے نقصان دہ ثابت ہوگا، کاسمیٹک سرجری کے بجائے مسئلے پر مستقل لائحہ عمل ترتیب دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں 12 ہزار ٹن یومیہ کچرا پیدا ہوتا ہے، کراچی کے نالے ریت سے بھر چکے ہیں، پانی گزرنے کی جگہ باقی نہیں، شہر کی صفائی ایک مہم چلا کر ختم کر دی گئی تو کچھ عرصے بعد صورتحال پھر پہلے جیسی ہو جائے گی۔ سابق سٹی ناظم کراچی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سندھ حکومت کو اس کی منشاء پر نہیں چھوڑیں، پیپلز پارٹی کو علم ہے کہ کراچی میں ان کا مینڈیٹ نہیں اور ان کا میئر منتخب نہیں ہوسکتا، پیپلز پارٹی نے تعصب کا چشمہ لگا کر کراچی کو 6 ڈسٹرکٹ میں تقسیم کر دیا۔


خبر کا کوڈ: 877695

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/877695/فوج-سے-مدد-لینا-خوش-ا-ئند-ہے-لیکن-کراچی-کے-مسئلے-کا-مستقل-حل-نکالا-جائے-مصطفی-کمال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org