QR CodeQR Code

جارح سعودی فوجی اتحاد نے ایندھن کے 20 بحری جہاز تاحال ضبط کر رکھے ہیں، یمن

24 Aug 2020 20:52

عرب نیوز چینل المسیرہ کیمطابق یمنی وزارت تیل کی جانب جاری ہونیوالے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ضبط شدہ تمام یمنی بحری بیڑوں کی تلاشی مکمل ہو چکی ہے جبکہ انکے پاس اقوام متحدہ کیجانب سے جاری کردہ اجازت نامہ بھی موجود ہے۔ رپورٹ کیمطابق یمنی بحری بیڑوں میں میزوٹ ایندھن اور گھریلو گیس کیعلاوہ 2 لاکھ 3 ہزار 480 ٹن پٹرول اور 1 لاکھ 97 ہزار 499 ٹن ڈیزل بھی موجود ہے۔


اسلام ٹائمز۔ عرب نیوز چینل المسیرہ کے مطابق یمنی وزارت تیل کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ جارح سعودی فوجی اتحاد نے یمنی ایندھن کے حامل 20 بحری بیڑوں کو تاحال روک رکھا ہے جن میں دو بحری بیڑے میزوٹ (Mazute) ایندھن اور گھریلو گیس کے حامل ہیں۔ یمنی وزارت تیل کے مطابق تمام یمنی بحری بیڑوں کی تلاشی مکمل ہو چکی ہے اور ان کے پاس اقوام متحدہ کی جانب سے جاری کردہ اجازت نامہ بھی موجود ہے۔

رپورٹ کے مطابق جارح سعودی فوجی اتحاد کی جانب سے ضبط کئے گئے یمنی بحری بیڑوں میں 2 لاکھ 3 ہزار 480 ٹن پٹرول اور 1 لاکھ 97 ہزار 499 ٹن ڈیزل بھی موجود ہے۔ یمنی وزارت تیل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جارح سعودی فوجی اتحاد کی جانب سے ان بحری بیڑوں کا ضبط کیا جانا عالمی انسانی حقوق اور انسانی حقوق سے متعلق بین الاقوامی قوانین سمیت انسانیت کے تمام تقاضوں کے بھی خلاف ہے۔

اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جارح سعودی فوجی اتحاد نے سمندری قزاقوں کا کردار ادا کرتے ہوئے ان بحری بیڑوں کو الحدیدہ بندرگاہ پر پہنچنے سے روک رکھا ہے جو غیر فوجی یمنی شہریوں کے محاصرے کے مترادف ہے۔ واضح رہے کہ یمن گزشتہ 4 ماہ سے ایندھن کے شدید بحران میں مبتلا ہے جبکہ مظلوم و جنگ زدہ یمنی عوام اپنے ہسپتالوں کی توانائی کو پورا کرنے سمیت تمام بنیادی انسانی ضرورتوں کے لئے خوراک و تیل کے حامل ان بحری بیڑوں کی وطن آمد کا بیقراری کے ساتھ انتظار کر رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 882243

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/882243/جارح-سعودی-فوجی-اتحاد-نے-ایندھن-کے-20-بحری-جہاز-تاحال-ضبط-کر-رکھے-ہیں-یمن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org