قطر کے وزیر خارجہ کا دورہ روس، سرگئی لاروف کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب
23 Dec 2020 23:31
ماسکو میں روسی ہم منصب سرگئی لاروف کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران قطری وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی نے کہا کہ خلیج تنازع مذاکرات کے ذریعے حل ہونا چاہیے جس میں ممالک کی خود مختاری کا احترام کیا جائے اور عدم مداخلت کی پالیسی اپنائی جائے۔
اسلام ٹائمز۔ خلیجی ملک قطر کے وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ خلیجی بحران کے حل کے لیے سیاسی سطح پر کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔ ان کا یہ بیان خلیجی ممالک کے درمیان سفارتی تنازع کے حل کے لیے چلائی جانے والی تحریک کی تصدیق کے بعد سامنے آیا ہے۔ سعودی عرب، متحدہ عرب مارات، بحرین اور مصر نے جون 2017 میں قطر پر دہشت گردی کی حمایت اور ایران سے قریبی تعلقات کے الزامات عاد کرتے ہوئے اس سے سفارتی، تجارتی اور سفری تعلقات منقطع کر لیے تھے۔ قطر نے کئی بار ان الزامات کو بےبنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا تھا اور مذاکرات کی پیشکش کی تھی۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ماسکو میں روسی ہم منصب سرگئی لاروف کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران قطری وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی نے کہا کہ خلیج تنازع مذاکرات کے ذریعے حل ہونا چاہیے جس میں ممالک کی خود مختاری کا احترام کیا جائے اور عدم مداخلت کی پالیسی اپنائی جائے۔ انہوں نے خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قطر، خلیجی ممالک کی سیکیورٹی کے معاملے کو اہمیت دیتا ہے اور سمجھتا ہے کہ تناؤ میں اضافہ کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم جی سی سی پر بطور علاقائی ادارہ دوبارہ اعتماد کو بحال کریں تو تنازع کو احسن انداز میں حل کر سکتے ہیں۔
خبر کا کوڈ: 905775