QR CodeQR Code

منہاج القرآن کو نظام المدارس پاکستان کے نام سے وفاق کا درجہ مل گیا

10 Feb 2021 20:09

اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ کا کہنا تھا کہ انتہا پسندی، فرقہ واریت، عدم برداشت اور دہشت گردی کا نقصان ہمارے کسی دشمن کو نہیں پہنچا ان عوارض کا سب سے زیادہ نقصان پاکستان کو پہنچا اب بہترین نصاب تعلیم اور نظام تعلیم کے ذریعے انتہا پسندی جیسی بیماریوں کو جڑ سے کاٹنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مدارس کے بچوں کا حق ہے کہ وہ بھی قومی ترقی کے دھارے میں شامل ہوں اور فقط آئمہ مساجد بن کر نہ رہ جائیں۔


اسلام ٹائمز۔ ناظم اعلی تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ انتہا پسندی، فرقہ واریت کا سب سے زیادہ نقصان پاکستان اور اس کے عوام کو پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ نئے بورڈ تشکیل دینے کا فیصلہ قابل تحسین ہے، اس میں ان تعلیمی اداروں کو شامل کیا گیا ہے جو اپنے طور پر عصری تقاضوں سے ہم أہنگ تعلیم دے رہے تھے، وہ منہاج القرآن انٹرنیشنل کو نظام المدارس کا درجہ ملنے کے بعد نظام المدارس پاکستان کے مرکزی صدر علامہ امداداللہ قادری، ناظم اعلیٰ علامہ آصف اکبر، ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی کے ہمراہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے جو انسانیت کو اعتدال، برداشت، رواداری، عفو و درگزر کی تعلیم دیتا ہے، اگر یہ اسلامی اور انسانی اقدار پروان نہیں چڑھ رہی ہیں تو اس کا مطلب ہمارے نظام تعلیم میں نقص ہے جسے نصابی اصلاحات کے ذریعے دور کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی، فرقہ واریت، عدم برداشت اور دہشت گردی کا نقصان ہمارے کسی دشمن کو نہیں پہنچا ان عوارض کا سب سے زیادہ نقصان پاکستان کو پہنچا اب بہترین نصاب تعلیم اور نظام تعلیم کے ذریعے انتہا پسندی جیسی بیماریوں کو جڑ سے کاٹنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مدارس کے بچوں کا حق ہے کہ وہ بھی قومی ترقی کے دھارے میں شامل ہوں اور فقط آئمہ مساجد بن کر نہ رہ جائیں انھیں ایسی تعلیم ملنی چاہیئے کہ وہ ہر سطح کے مقابلوں کے امتحانات میں بیٹھ سکیں اور اپنے ٹیلنٹ کا مظاہرہ کر سکیں، ہم چاہتے ہیں مدارس کے طلبا بہترین عربی بولیں اور اس کے ساتھ ساتھ انگریزی، ریاضی اور دیگر سائنسی علوم بھی پڑھیں تبھی ان کیلئے سپیس پیدا ہوگی، ہم مدارس کے علمی مقام و مرتبہ اور وقار کا احیاء چاہتے ہیں، جس طرح جامعہ الاظہر مصر پوری دنیا کے طلبا کی توجہ کا مرکز ہے۔

خرم نواز گنڈا پور کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں ہمارا نظام اور اس نصاب بھی اس نہج پر توجہ کا حامل ہو، ان شا اللہ نظام المدارس پاکستان کے پلیٹ فارم سے ان قومی مقاصد کا حصول یقینی بنائیں گے، مدارس کے طلبا کو عربی انگریزی بول چال میں دسترس حاصل ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مدارس اور ان کے طلبا کا سیاسی سرگرمیوں سے کوئی واسطہ نہیں ہونا چاہیے۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ حکومت کی طرف سے مدارس کی رجسٹریشن اور اکاونٹس کی دیکھ بھال کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں، دین کی خدمت کے جذبہ کے ساتھ مدارس کا نظام چلانے والوں کو چیک اینڈ بیلنس سے گھبرانا نہیں چاہیئے۔


خبر کا کوڈ: 915476

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/915476/منہاج-القرآن-کو-نظام-المدارس-پاکستان-کے-نام-سے-وفاق-کا-درجہ-مل-گیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org