QR CodeQR Code

جنوبی پنجاب کے وکلاء کی جانب سے بھی سرائیکی صوبہ کے قیام کی حمایت کا اعلان

18 Aug 2011 23:10

اسلام ٹائمز:ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے صدر سفیر حسین نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ علیحدہ صوبہ اس خطے کے عوام کی آواز بن چکا ہے، آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے عیدالفطر کے بعد وکلاء کنونشن کا انعقاد کیا جائے گا جس میں جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع کے وکلاء شرکت کریں گے۔


ملتان:اسلام ٹائمز۔ سرائیکی قوم پرست جماعتوں اور منتخب نمائندوں کے بعد وکلاء نے بھی جنوبی پنجاب کو علیحدہ صوبہ بنانے کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے، گذشتہ روز ملتان میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے صدر سفیر حسین نے کہا کہ سرائیکی صوبہ اس خطے کے عوام کی آواز بن چکا ہے اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے عیدالفطر کے بعد وکلاء کنونشن کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع کے وکلاء شرکت کریں گے، ان کا کہنا تھا کہ حکمران عوام کے مطالبے کے آگے رکاوٹ نہیں بن سکتے، جنوبی پنجاب کے احساس محرومی کو دور کرنے اور اس خطے کو ترقی یافتہ بنانے کیلئے علیحدہ صوبے کا قیام ناگزیر ہو چکا ہے، سفیر حسین نے کہا کہ وکلاء بھی سرائیکی صوبہ کے قیام کی جدوجہد میں شامل ہونا چاہتے ہیں، اس موقع پر موجود ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے دیگر عہدیداروں نے کہا کہ وکلاء میں چیف جسٹس بحالی جیسی تحریک چلانے کی ہمت موجود ہے اور اگر ضرورت پڑی تو ہم ایک بار پھر سڑکوں پر نکلیں گے کیونکہ وکلاء ملک کے مفاد میں اٹھنے والے ہر قدم کا ساتھ دینے کیلئے تیار ہیں، ان کا کہنا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ اس خطے کے عوام کے مسائل اور مطالبات پر توجہ دی جائے۔


خبر کا کوڈ: 92924

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/92924/جنوبی-پنجاب-کے-وکلاء-کی-جانب-سے-بھی-سرائیکی-صوبہ-قیام-حمایت-کا-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org