QR CodeQR Code

کیچ کے مقام پر شرپسند عناصر کا ایف سی اہلکاروں پر حملہ، ایک اہلکار شہید، 2 زخمی

27 Jun 2021 19:53

بلوچستان کے علاقے کیچ میں اپنے فرائض انجام دینے والے ایف سی اہلکاروں پر شرپسند عناصر نے حملہ کیا اور فائرنگ کی، جسکے نتیجے میں باڑ کی حفاظت پر مامور ایک ایف سی اہلکار شہید ہوگیا اور دو زخمی ہوگئے۔


اسلام ٹائمز۔ صوبہ بلوچستان میں تربت کے قریب واقع ضلع کیچ میں شرپسند عناصر کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک ایف سی اہلکار شہید اور دو زخمی ہوگئے ہیں۔ ایف سی ذرائع کے مطابق فرنٹیئر کور بلوچستان 61 ونگ کے اہلکار کیچ کے علاقے میں پاک ایران سرحد کے قریب لگائی گئی باڑ کی حفاظت پر مامور تھے۔ اطلاعات کے مطابق پہاڑوں کی جانب سے نامعلوم حملہ آوروں نے اہلکاروں پر چھوٹے اور خودکار ہتھیاروں سے حملہ کیا اور اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس کی زد میں آکر تین اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔

اس موقع پر قریبی ایف سی چوکی سے ایف سی کے دیگر اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر جوابی فائرنگ شروع کر دی، جس کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ فائرنگ کا نشانہ بننے والے اہلکاروں میں سپاہی حسین بخش، رضوان احمد اور شبیر احمد شامل ہیں۔ جن میں رضوان احمد اور شبیر احمد زخمی ہوگئے جبکہ حسین بخش بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاکر اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔


خبر کا کوڈ: 940357

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/940357/کیچ-کے-مقام-پر-شرپسند-عناصر-کا-ایف-سی-اہلکاروں-حملہ-ایک-اہلکار-شہید-2-زخمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org