کراچی میں اربعین حسینیؑ کا مرکزی جلوس رواں دواں، لاکھوں عزاداروں کی شرکت
28 Sep 2021 18:13
عزاداران امام مظلومؑ نے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام ایم اے جناح روڈ پر امام بارگاہ علی رضاؑ کے سامنے باجماعت نماز ظہرین ادا کی۔
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں اربعین حسینیؑ کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو کر اپنے روایتی راستوں پر رواں دواں ہے، جلوس عزاء حسینیہ ایرانیان امام بارگاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا، اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں چہلم شہدائے کربلا کی مرکزی مجلس نشتر پارک میں منعقد ہوئی، مجلس عزاء سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کیا۔ بعد مجلس عزاء مرکزی جلوس عزاء برآمد ہوا۔ مرکزی جلوس عزاء میں علم، تابوت، تعزیئے، شبیہ ذوالجناح بھی برآمد کئے گئے ہیں، جلوس عزاء میں لاکھوں عزاداران امام مظلومؑ شریک ہیں۔ مرکزی جلوس امام بارگاہ علی رضا ایم اے جناح روڈ پہنچا، جہاں عزاداران امام مظلومؑ نے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام باجماعت نماز ظہرین ادا کی۔ بعد ازاں نوحوں اور مرثیوں کی صداؤں میں مرکزی جلوس مقررہ راستوں پر رواں دواں ہے، جلوس عزاء امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ شہر کے مختلف علاقوں سے ہزاروں کی تعداد میں عزاداران امام حسینؑ دس دس، پندرہ پندرہ کلومیٹر پیدل سفر کرکے نشترپارک سے برآمد ہونے والے مرکزی جلوس میں شامل ہوئے۔
خبر کا کوڈ: 956184