شمال مشرقی شام میں واقع سب سے بڑے امریکی فوجی اڈے پر راکٹوں کی بارش
23 Nov 2021 21:25
مقامی میڈیا کیمطابق شام کے شمالی صوبے الحسکہ میں واقع غیر قانونی امریکی فوجی اڈے "خراب الجیر" پر متعدد راکٹ فائر کئے گئے ہیں جسکے بعد امریکی فوجی اڈے کے اندر سے مہیب دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں
اسلام ٹائمز۔ شام کے شمال مشرقی صوبے الحسکہ میں موجود قابض امریکی فوج کے سب سے بڑے فوجی اڈے پر متعدد راکٹوں کے ساتھ حملہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں وہاں سے بھیانک دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں۔ روسی خبررساں ایجنسی اسپتنک نے مقامی ذرائع سے نقل کرتے ہوئے لکھا ہے کہ صوبہ الحسکہ میں عراقی سرحد کے انتہائی قریب واقع شہر الیعربیہ کے گاؤں "خراب الجیر" میں غیر قانونی طور پر بنائے گئے امریکی فوجی اڈے سے متعدد مہیب دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں جبکہ یہ دھماکے نامعلوم سمت سے فائر کئے گئے 4 طاقتور راکٹوں کے برسنے کے باعث وقوع پذیر ہوئے تھے۔ مقامی ذرائع کے مطابق وقوع پذیر ہونے والے دھماکے اس قدر شدید تھے کہ ان کی آوازیں کئی کلومیٹر دور واقع عراقی سرحد کے اس طرف بھی سنی گئی ہیں جس کے فورا بعد بہت زیادہ تعداد میں امریکی ہیلی کاپٹروں و جنگی جہازوں کو بھی آسمان پر پرواز کرتے دیکھا گیا۔
خبر کا کوڈ: 965097