QR CodeQR Code

صیہونی جیل میں فلسطینی قیدی کی بھوک ہڑتال 137ویں دن میں داخل، فلسطینی مزاحمتی محاذ کا سخت انتباہ

31 Dec 2021 23:40

غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کی جیل میں ناحق قید ابوہراش کی بھوک ہڑتال 137ویں دن میں داخل ہو گئی ہے جبکہ انکی طبیعت بگڑ جانے پر فلسطینی مزاحمتی محاذ نے مصری ثالثوں کے ذریعے غاصب صیہونی حکام کو خبردار کیا ہے کہ ہشام ابوہراش کی شہادت کیصورت میں سخت انتقام لیا جائیگا


اسلام ٹائمز۔ غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کی جیل میں ناحق قید ہشام ابوہراش کی بھوک ہڑتال کو آج 137 دن پورے ہو گئے ہیں جبکہ اس وقت ان کی جسمانی حالت بھی ناگفتہ بہ ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق فلسطینی مزاحمتی محاذ نے اس حوالے سے مصری ثالثوں کی مدد سے غاصب صیہونی حکام کو خبردار کیا ہے کہ ہشام ابوہراش کی جیل کے اندر شہادت اور ان کی عدم آزادی کو اس فلسطینی قیدی کا قتل تصور کیا جائے گا جس کا غاصب صیہونی رژیم سے سخت انتقام لیا جائے گا۔

عرب چینل المیادین کے مطابق مصری حکومت سمیت انسانی حقوق کے بین الاقوامی ادارے ہشام ابوہراش کی آزادی کا مسئلہ حل کرنے کے درپے ہیں جبکہ اسیروں کی دیکھ بھال کے فلسطینی ادارے نے خبردار کیا ہے کہ ابوہراش کی جسمانی حالت انتہائی ناگفتہ بہ ہو چکی ہے جس کے باعث وہ نہ صرف سننے و بولنے کی صلاحیت سے محروم ہو گئے ہیں بلکہ ان کا وزن بھی گھٹ کر اب صرف 40 کلو رہ گیا ہے جو انتہائی خطرناک امر ہے۔ واضح رہے کہ ہشام ابوہراش نے اپنی غیر قانونی گرفتاری پر اعتراض کرتے ہوئے گذشتہ 137 روز سے بھوک ہڑتال کر رکھی ہے جبکہ غاصب صیہونی رژیم کی جانب سے بغیر وجہ بتائے قید کئے جانے والے وہ کوئی پہلے فلسطینی نہیں۔ رپورٹ کے مطابق یہ غاصب صیہونی رژیم کا وطیرہ ہے کہ وہ بغیر وجہ بتائے یا کسی قانونی کارروائی کے فلسطینی شہریوں کو کئی کئی سال تک اپنی جیلوں میں قید رکھتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 971400

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/971400/صیہونی-جیل-میں-فلسطینی-قیدی-کی-بھوک-ہڑتال-137ویں-دن-داخل-مزاحمتی-محاذ-کا-سخت-انتباہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org