QR CodeQR Code

ناصر حسین شاہ کا دھرنا ختم کرانے کے لئے حافظ نعیم الرحمن سے رابطہ

3 Jan 2022 23:55

حافظ نعیم الرحمن نے ناصر حسین شاہ کو واضح اور دوٹوک جواب دیا کہ جماعت اسلامی اپنے مطالبات سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹے گی، ہم بات چیت کے لئے تیار ہیں لیکن کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کے جائز قانونی حق سے ہرگز دستبردار نہیں ہوں گے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے سندھ اسمبلی پر دیئے جانے والے دھرنے کے چوتھے روز امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے رابطہ کرلیا۔ ناصر حسین شاہ نے حافظ نعیم الرحمن کو فون کیا اور سندھ اسمبلی پر جاری دھرنے کو ختم کرنے کا کہا۔ ان کا کہنا تھا کہ آپ نے احتجاج کرلیا اب دھرنا ختم کردیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے ناصر حسین شاہ کو واضح اور دوٹوک جواب دیا کہ جماعت اسلامی اپنے مطالبات سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹے گی، ہم بات  چیت کے لئے تیار ہیں لیکن کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کے جائز قانونی حق سے ہرگز دستبردار نہیں ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت بلدیاتی قانون 2021ء کو ختم کرکے آئین کے مطابق نیا قانون لانے کا واضح طور پر اعلان کرے، کراچی میں ایک بااختیار شہری حکومت جسے مالی، انتظامی اور سیاسی اختیارات حاصل ہوں قائم کرکے اور مئیر کا انتخاب براہ راست کرائے تو جماعت اسلامی سندھ اسمبلی کے سامنے اپنا احتجاج دھرنا ختم کردے گی، بصورت دیگر جماعت اسلامی طویل جمہوری، سیاسی و قانونی جدوجہد و تحریک چلانے اور ہر قسم کے حالات کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہے، جماعت اسلامی پرامن، آئینی و قانونی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے اور حقوق کراچی تحریک جاری رکھے گی۔


خبر کا کوڈ: 971894

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/971894/ناصر-حسین-شاہ-کا-دھرنا-ختم-کرانے-کے-لئے-حافظ-نعیم-الرحمن-سے-رابطہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org