QR CodeQR Code

مہاجر اتحاد کیلئے خالد مقبول اور مصطفیٰ کمال سمیت سب سے ملاقاتیں کرونگا، آفاق احمد

8 Jan 2022 21:03

پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین ایم کیو ایم حقیقی نے کہا کہ اگر 30 جنوری کو مصطفیٰ کمال کو تبت سینٹر سے وزیراعلیٰ ہاؤس نہیں جانے دیا تو قوم کو دیکھنا ہوگا کہ ریڈ زون میں جماعت اسلامی کو کون لے کر گیا، دوہرا رویہ ختم کرنا ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ مہاجر قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ آفاق احمد نے کہا کہ سندھ حکومت مستقل شہری آبادی کے خلاف متعصبانہ اقدامات کررہی ہے، بااختیار بلدیاتی نظام مسائل کا حل ہے، مہاجر اتحاد کے لئے ڈاکٹر خالد مقبول، مصطفیٰ کمال سمیت سب سے ملاقاتیں کروں گا، نئے صوبے کے قیام کی تحریک کو مذید تیز کریں گے، 21 جنوری کو حیدرآباد میں جلسہ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں 26 نئے ٹاؤنز بناکر سندھ حکومت نے نیا کارنامہ سرانجام دیا ہے، بلدیاتی قانون کو ہم پہلے ہی مسترد کرچکے ہیں، یہ سندھ حکومت کے متعصبانہ اقدامات ہیں، سندھ حکومت مستقل شہری آبادی کے خلاف متعصبانہ اقدامات کررہی ہے، کراچی سندھ کا نصف ہے، کراچی سے سندھ اسمبلی نشتیں نصف ہونی چاہیئے، کراچی کے شہریوں کے ساتھ زیادتی کی جارہی ہے، ہمارے پاس نئے صوبے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے۔

آفاق احمد نے کہا کہ پتھارے داروں کو بھی ٹیکس ادا کرنا ہوگا، کراچی کا روینیو ملک چلاتا ہے، شہری علاقوں کی نمائندگی ہمارا حق ہے، صوبے کی تحریک کو مزید تیز کریں گے، دیہی علاقوں کو شہری علاقے ڈکلیئر کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 26 دسمبر کو مہاجر قوم کو کامیاب جلسے کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، 21 جنوری کو حیدرآباد باغ مصطفیٰ میں جلسہ ہوگا، حیدرآباد میں مہاجر اتحاد کا جلسہ عظیم الشان ہوگا۔ آفاق احمد نے کہا کہ مہاجر قوم کا اتحاد وقت کی ضرورت ہے، اس کے لئے میں سب سے رابطے اور ملاقاتیں کررہا ہوں، ہم ان تمام ملاقاتوں کو آف دی ریکارڈ رکھنا چاہتے تھے۔ آفاق احمد نے کہا کہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے بھی ٹیلیفونک گفتگو کی تھی، سید مصطفیٰ کمال سمیت سب سے بھی ملاقات کریں گے، میری کوشش ہے کہ سب ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوجائیں۔


خبر کا کوڈ: 972579

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/972579/مہاجر-اتحاد-کیلئے-خالد-مقبول-اور-مصطفی-کمال-سمیت-سب-سے-ملاقاتیں-کرونگا-آفاق-احمد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org