2
0
Saturday 8 Jan 2022 21:03

مہاجر اتحاد کیلئے خالد مقبول اور مصطفیٰ کمال سمیت سب سے ملاقاتیں کرونگا، آفاق احمد

مہاجر اتحاد کیلئے خالد مقبول اور مصطفیٰ کمال سمیت سب سے ملاقاتیں کرونگا، آفاق احمد
اسلام ٹائمز۔ مہاجر قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ آفاق احمد نے کہا کہ سندھ حکومت مستقل شہری آبادی کے خلاف متعصبانہ اقدامات کررہی ہے، بااختیار بلدیاتی نظام مسائل کا حل ہے، مہاجر اتحاد کے لئے ڈاکٹر خالد مقبول، مصطفیٰ کمال سمیت سب سے ملاقاتیں کروں گا، نئے صوبے کے قیام کی تحریک کو مذید تیز کریں گے، 21 جنوری کو حیدرآباد میں جلسہ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں 26 نئے ٹاؤنز بناکر سندھ حکومت نے نیا کارنامہ سرانجام دیا ہے، بلدیاتی قانون کو ہم پہلے ہی مسترد کرچکے ہیں، یہ سندھ حکومت کے متعصبانہ اقدامات ہیں، سندھ حکومت مستقل شہری آبادی کے خلاف متعصبانہ اقدامات کررہی ہے، کراچی سندھ کا نصف ہے، کراچی سے سندھ اسمبلی نشتیں نصف ہونی چاہیئے، کراچی کے شہریوں کے ساتھ زیادتی کی جارہی ہے، ہمارے پاس نئے صوبے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے۔

آفاق احمد نے کہا کہ پتھارے داروں کو بھی ٹیکس ادا کرنا ہوگا، کراچی کا روینیو ملک چلاتا ہے، شہری علاقوں کی نمائندگی ہمارا حق ہے، صوبے کی تحریک کو مزید تیز کریں گے، دیہی علاقوں کو شہری علاقے ڈکلیئر کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 26 دسمبر کو مہاجر قوم کو کامیاب جلسے کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، 21 جنوری کو حیدرآباد باغ مصطفیٰ میں جلسہ ہوگا، حیدرآباد میں مہاجر اتحاد کا جلسہ عظیم الشان ہوگا۔ آفاق احمد نے کہا کہ مہاجر قوم کا اتحاد وقت کی ضرورت ہے، اس کے لئے میں سب سے رابطے اور ملاقاتیں کررہا ہوں، ہم ان تمام ملاقاتوں کو آف دی ریکارڈ رکھنا چاہتے تھے۔ آفاق احمد نے کہا کہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے بھی ٹیلیفونک گفتگو کی تھی، سید مصطفیٰ کمال سمیت سب سے بھی ملاقات کریں گے، میری کوشش ہے کہ سب ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوجائیں۔
خبر کا کوڈ : 972579
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

Pakistan
آفاق احمد صاحب، مصطفی کمال صاحب و دیگر لسانی سیاست کرنے والوں والیوں کی خدمت میں عرائض
اگر آپ لوگ شہری سندھ کے حق یا نمائندگی کے مدعی ہیں تو خدارا عام پاکستانیوں کے حال زار پر رحم فرمائیں۔ بھیا آپ لوگ بھٹو کے دور کے جس کوٹہ سسٹم پر واویلا مچاتے رہتے ہیں، اس میں دیہی اور شہری سندھ کی تعریف کیا تھی؟ پورے صوبے کا ہر وہ شہر جہاں میونسپل کمیٹی ہوتی ہے، وہاں کے ڈومیسائل کو اربن یعنی شہری سندھ کہا جاتا ہے اور جو یونین کائونسل علاقہ ہوتا ہے، اس علاقے کا ڈومیسائل دیہی سندھ۔
اس تعریف کی روشنی میں خود کراچی شہر کے اندر یونین کائونسلیں دیہی سندھ ہی ہیں، شہری سندھ نہیں ہیں۔ پرویز مشرف نے تو ہر ضلع کو یونین کائونسلز میں تقسیم کر دیا تھا۔ کراچی کے 18 ٹائون جدا یونین کائونسل جدا۔ آپ کون سے شہری سندھ کی بات کر رہے ہیں۔ اس وقت صوبہ سندھ میں جتنی بھی جماعتوں کو صوبائی اسمبلی یا قومی اسمبلی و سینیٹ میں نمائندگی حاصل ہے، ان کے حلقوں میں محض دیہی یا محض شہری علاقے نہیں ہوں گے۔ کراچی اور حیدرآباد جہاں ایم کیو ایم اکثریت نمائندگی رکھا کرتی تھی، ان دونوں میں بھی دیہی شہری سندھ ملے ہوئے ہی تھے۔
جماعت اسلامی ہو یا پاکستان تحریک انصاف، ان کا معاملہ بھی مختلف نہیں۔
آفاق احمد صاحب مہاجر قوم یا اردو زبان قیادت و اتحاد تو الطاف کی قیادت میں اپنے عروج پر تھا، جب آپ باغی گروپ بن کر کراچی میں کسی کی سرپرستی میں آئے تھے، تب بھی الطاف حسین کی جماعت کا نام مہاجر قومی موومنٹ ہی تھا، آپ حقیقی کی پخ لگا کر آگئے۔ اب سال 2016ء میں مصطفی کمال سابق وزیر اور سابق ناظم یا میئر کراچی الطاف کی ایم کیو ایم پرویز مشرف کی صدارت اور عشرت العباد کی گورنری میں ہی تھے۔ اب اور کونسا اتحاد رہ گیا ہے۔؟؟؟
بس کر دو بھائی، بس کر دو۔ کراچی کے باشعور عوام نے مہاجروں نے آپکو ہر شکل میں مسترد کرکے پی ٹی آئی کو ووٹ دے دیئے۔ آفاق بھائی آپ اپنے حلقے سے دوسرے یا تیسرے نمبر پر بھی نہیں بلکہ چوتھے نمبر پر ہارے ہیں۔ بھائی جان کراچی کے نام پر یہ بچگانہ حرکتیں اب چھوڑ دیں۔ اس وقت ملک پاکستان کا ایک مہاجر اردو صدر ہے، اس سے پہلے ممنون حسین مہاجر اردو صدر تھے۔ اب بقیہ 90 فیصد پاکستانی قوم کیا ایسا کرے کہ آپ سکون سے رہ سکیں۔
بھائی جان یاسین آباد کے قبرستان سمیت شہر کے قبرستان میں دفن مہاجر شہداء کے قاتلوں کے پیروں کے نشانات کہاں تک جا رہے ہیں، یہ بھی سبھی کو معلوم ہے۔۔۔ فرعون مصری تھا جبکہ قوم موسیٰ علیہ السلام بنی اسرائیل تھی۔ کراچی میں تو فرعون بھی مقامی ہیں اور قوم بھی فرعونوں کے بقول ان کی اپنی۔ اللہ کے عذاب سے اللہ کے غضب و قہر سے ڈرو بھائی جان آپ سارے۔
Pakistan
نعرہ نعرہ نعرہ مہاجر
جئے جئے جئے مہاجر
ہماری پیشکش