QR CodeQR Code

کراچی دھماکے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کرلی، دہشتگردوں کیخلاف ایسی کارروائی کروں گا کہ انکی نسلیں یاد رکھیں گی، چوہدری اسلم

19 Sep 2011 12:06

اسلام ٹائمز:میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایس ایس پی، سی آئی ڈی کا کہنا تھا کہ وہ سو رہے تھے جب دھماکہ ہوا۔ انہیں اندازہ نہیں تھا کہ ان کے بچوں پر حملہ کیا جائیگا۔ انھوں نے کہا کہ وہ بزدلانہ کارروائیوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں، وہ دہشتگردوں کے خلاف ایسی کارروائی کرینگے کہ ان کی نسلیں یاد رکھیں گی۔


کراچی:اسلام ٹائمز۔ ایس ایس پی، سی آئی ڈی چوہدری اسلم کے گھر پر ہونے والے خودکش دھماکے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کر لی ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی سے بات چیت میں کالعدم تحریک طالبان کے ایک ترجمان قاری نصرت کا کہنا تھا کہ آج ان کے خودکش بمبار نے کراچی میں کارروائی کی ہے۔ آج صبح ڈیفنس میں واقع ایس ایس پی، سی آئی ڈی چوہدری اسلم کے گھرپر نامعلوم حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں آٹھ افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔
ادھر ایس ایس پی، سی آئی ڈی چوہدری اسلم نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ سو رہے تھے جب دھماکہ ہوا۔ انہیں اندازہ نہیں تھا کہ ان کے بچوں پر حملہ کیا جائیگا۔ انھوں نے کہا کہ وہ بزدلانہ کارروائیوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں، وہ دہشتگردوں کے خلاف ایسی کارروائی کرینگے کہ ان کی نسلیں یاد رکھیں گی۔ ایڈیشنل آئی جی سندھ سعود مرزا نے کہا ہے کہ چوہدری اسلم کے گھر کے باہر دھماکے میں تین سو کلوگرام سے زیادہ بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ جائے وقوعہ کے دورے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایس ایس پی سی آئی اے چوہدری اسلم نے دہشتگردوں کے خلاف سب سے زیادہ کارروائیاں کی ہیں۔
آئی جی سندھ واجد درانی نےمیڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی کے انتظامات مزید بہتر بنائے جائینگے، خودکش حملوں سے حوصلے پست نہیں ہونگے۔


خبر کا کوڈ: 99774

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/99774/کراچی-دھماکے-کی-ذمہ-داری-طالبان-نے-قبول-کرلی-دہشتگردوں-کیخلاف-ایسی-کارروائی-کروں-گا-کہ-انکی-نسلیں-یاد-رکھیں-گی-چوہدری-اسلم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org